بجلی پٹرول کی قیمت کہاں پہنچ چکی ہے، مہنگائی تاریخ کے بلند ترین مقام پر ہے
تین سال میں معیشت کا بھٹہ بیٹھ چکا ہے
حکومت کی حرکتوں اور بدترین کارکردگی پر آسمان بھی رو رہا ہے
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف قومی اسمبلی میں حکومتی الزامات پر دھواں دھار خطاب
اسلام آباد ( ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف قومی اسمبلی میں حکومتی الزامات پر دھواں دھار خطاب کیا۔ منگل کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں حکومتی ارکان کے الزامات پر جواب دیتے ہوئے قائد حزب اختلاف نے کہا کہ میری ذات کے حوالے سے بے بنیاد الزامات لگائے گئے جس کا حساب میں ابھی برابر کئے دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اتفاق فونڈریز میرے بزرگوں نے بنائی تھی، اس کی زمین اور مشینری بیچ کر بینکوں کا 6 ارب کا قرض ادا کیا اور ایک دھیلہ انٹرسٹ معاف نہیں کرایا۔ انہوں نے سوال کیا کہ پی آئی اے سے ہزاروں لوگوں کو ملازمت سے نکال کر گھر بٹھا دیاگیا، کیا وہ ہم نے کیا ہے؟ سٹیل مل سے ہزاروں لوگوں کو ملازمت سے بے روزگار کر دیا گیا، وہ ہم نے کیا ہے؟ شہباز شریف نے کہا کہ کس کس محکمے کا ذکر کروں، عوام کی تکالیف اور بے روزگار ہونے کا لامتناہی سلسلہ ہے۔ تین سال میں پورے پاکستان میں لاکھوں لوگ بے روزگار ہو چکے ہیں، 50 لاکھ لوگ بے روزگار ہوچکے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نے کہاکہ ایک وقت کی روٹی کا حصول ان کے لئے ناممکن ہوچکا ہے، عوام کے لئے زندگی تنگ ہو چکی ہے۔ غربت، مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سے لوگ بھیک مانگنے پر مجبور ہیں۔ قائد حزب اختلاف نے سوال کیا کہ کہاں گئیں وہ ایک کروڑ نوکریاں؟ ایک کروڑ نوکری تو دور کی بات ہے، آج غریب کے گھر کو چولہا ٹھنڈا ہو چکا ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ آج ایک کمانے والا فرد اپنے اہل خانہ کا پیٹ پالنے، والدین کی دوائی اور علاج کے لئے بھیک مانگنے پر مجبور ہے۔ حکومت کے لوگ کس منہ سے ہمیں طعنہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تین سال میں معیشت کا بھٹہ بیٹھ چکا ہے۔ بجٹ میں وزیر خزانہ نے کہا تھا کہ کوئی نیا ٹیکس نہیں لگائیں گے جبکہ ہر روز نیا ٹیکس، قیمتوں میں اضافے سے عوام کو نچوڑا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی پٹرول کی قیمت کہاں پہنچ چکی ہے، مہنگائی تاریخ کے بلند ترین مقام پر ہے۔ حکومت کی حرکتوں اور بدترین کارکردگی پر آسمان بھی رو رہا ہے۔ صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) نے کہاکہ حکومت ہمارے بارے میں بات کرنے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانک لیا کرے۔ اس ملک سے بجلی کے اندھیروں کو کس نے ختم کیا؟ ایل این جی کی بنیاد رکھ کر 5000 میگاواٹ بجلی کس نے بنائی؟ ملک میں انفراسٹرکچر، پبلک ٹرانسپورٹ کے منصوبے کیسے لگے؟ شہباز شریف نے کہا کہ ہر وقت یہ قرض لینے کا شور مچاتے رہتے ہیں لیکن وہ لگے کہاں ہیں، وہ بھی بتائیں۔