سارے تجربے ناکام ہو گئے، عوام نے دیکھ لیا کہ نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) ہی ملک اور عوام کو بحرانوں سے نجات لا سکتی ہے
ایک دوسرے کو طعنے دینے سے عوام کو سستی روٹی، بجلی، گیس ملے گی نہ ملک مسائل سے نکلے گا
مسلم لیگ(ن) کا نعرہ آج ہر سیاسی جماعت لگا رہی ہے
ہمیں بد ترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا،بے روز گاری، معاشی بدحالی کی ذمہ دار2018 ء میں مسلط کردہ حکومت ہے
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب کی عظمی زاہد بخاری کے ہمراہ پریس کانفرنس
لاہور(اے پی پی)مسلم لیگ( ن) کی مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے دور میں مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو بد ترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا،بے روز گاری اور معاشی بدحالی کی ذمہ دار2018 میں آنے والی حکومت ہے،شریف خاندان پر بے بنیاد مقدمات بنائے گئے، مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور کارکنان تمام جھوٹے مقدمات میں سرخرو ہو رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز یہاں ماڈل ٹائون پارٹی سیکرٹریٹ میں مسلم لیگ (ن ) پنجاب کی ترجمان عظمی بخاری کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا ۔ مریم اورنگزیب نے کہاکہ جب2018 میں ترقی کرتے پاکستان پر چیئرمین پی ٹی آئی کو ملک پر مسلط کیا گیا تو معاشی ترقی کا پہیہ رک گیا جس کا خمیازہ آج پوری قوم کو بھگتنا پڑ رہا ہے ،شہباز شریف کو نیب کی عدالت میں صاف پانی کیس میں بلا کر آشیانہ ہائوسنگ مقدمہ میں گرفتار کر لیا گیا،ان کو بلایا کسی اور مقدمہ میں اور گرفتار کسی اور کیس میں کر لیا گیا، اسی طرح احد چیمہ کو بھی پنجاب کے عوام کو ریلیف دینے میں شہباز شریف کے ویژن کو مکمل کرنے کے جرم میں گرفتار کر لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلے سے شہباز شریف اور احد چیمہ ان جھوٹے مقدمات سے اللہ کے فضل سے سرخرو ہو گئے ہیں،آج عدالتیں قانونی مہریں لگا کر تصدیق کر رہی ہیں کہ کوئی کرپشن نہیں ہوئی۔مسلم لیگ (ن ) پر لاڈلہ ہونے کے الزام کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جھوٹے مقدمات میں پیشیاں بھگت کر آج مسلم لیگ (ن )کی قیادت عدالتی فیصلوں سے بری ہو رہی ہے توکیا یہ لاڈلہ پن ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر پانامہ کیس میں سزا نہیں دی گئی بلکہ وہ صرف پرسپشن بنانے کیلئے کیا گیا اور تاحیات نا اہل کر دیا گیا، پی ٹی آئی دور میںاگرہما رے خلاف کوئی کیس نہیں ملتا تھا تو جیل میں ہوتے ہوئے کوئی کیس ڈال کر گرفتاری کر لی جاتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن )کی قیادت کے خلاف منی لانڈرنگ اور کرپشن کے جھوٹے کیسز بنائے گئے جس میں نیب نے ایک روپے کی بھی ریکوری نہیں کی،جب پاکستان میں کوئی کرپشن ثابت نہیں ہوئی تو برطانیہ کے نیشنل کرائم ایجنسی( این سی اے ) میں چلے گئے وہاں پر بھی چیئرمین پی ٹی آئی کو منہ کی کھانا پڑی اور برطانیہ کی این سی اے نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو کلین چٹ دے دی۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیر اعظم ہائوس میں بیٹھ کر جو لوگوں کی پگڑیاں اچھالتے تھے اور دوسروں کے خلاف جھوٹے مقدمات بناتے تھے آج وہ چہرے کہا ںہیں، طیبہ گل کے معاملے پر چیئرمین نیب کو بلیک میل کیا گیا،نیب کو استعمال کرکے شریف خاندان اور مسلم لیگ( ن) کے کارکنان کے گھروں پر چھاپے مروائے گئے ،پی ٹی آئی دور میں شہزاد اکبر نے مسلم لیگ (ن )کے کارکنوں کے گھروں پر حملے کروائے، ان کو بلاجواز تنگ کیاگیا ،آج وہ شخص کہاں بیٹھا ہے ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت میں سرکاری خزانے کو اربوں کا نقصان پہنچایا گیا، کہا جا رہا تھا احد چیمہ نے فرنٹ مین رکھ لئے، کہا گیا 56 کمپنیوں میں کرپشن ہوئی، وہ کرپشن کہاں گئی؟ سعدرفیق کے کیس میں سپریم کورٹ نے خود کہا یہ جھوٹے مقدمات ہیں، جو جھوٹی معلومات فراہم کر رہے تھے،آج وہ چہرے کہاں ہیں؟،سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ میرا کیس دہشتگردی کی عدالت میں چل رہا ہے، آج بھی ہم اپنے مقدمات کی پیشیاں بھگت رہے ہیں، ہمیں پتہ ہے کہ ہم پر بنائے گئے جھوٹے مقدمات ہیں، کہاں ہیں وہ لوگ جو چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ ملکر الزامات لگاتے تھے۔انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت کرنے والے شخص کو احتساب سے کوئی خوف نہیں ہوتا ،شہباز شریف نے کئی مرتبہ واضح الفاظ میں کہا کہ اگر میرے خلاف ایک روپے کی بھی کرپشن ثابت ہو جائے تو میں سیاست چھوڑ دوں گا، کرپشن کی ہوتی تو شہبازشریف کی طرح کوئی یہ نہیں کہتا کہ میرا حساب لو لیکن جب کرپشن کی ہوتی ہے تو پھر 9 مئی جیسے واقعات ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ( ن) لیگ کے گزشتہ دور میں صنعت کام کر رہی تھی، روزگار مل رہا تھا، آج ملک کے اندر مہنگائی ہے، کس کا گلا پکڑا جائے؟ آج جوابات کس سے لئے جائیں؟۔ انہوں نے کہا کہ چیئر مین پی ٹی آئی 190 ملین کھا گئے، توشہ خانہ کھا گئے، جواب نہیں دیا، چیئرمین پی ٹی آئی سے جب توشہ خانہ کا حساب مانگا جاتاہے تو وہ احتساب سے بچنے کیلئے قومی تنصیبات پر حملے کرواتا ہے ،شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کرتا ہے،ججز کو دھمکیاں دیتا ہے۔ آصف زرداری نے کہاہے انتخابات شفاف ہوتے دیکھ رہے ہیں ،انہوں نے اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ الیکشن کمیشن شفاف انتخابات کروانے میں کامیاب ہوگا۔