وزیر اعظم شہباز شریف سے پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر نواف سید آل مالکی کی ملاقات

سعودی سفیر نے سعودی حکومت کی طرف سے وزیر اعظم شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

سعودی ولی عہد کے ساتھ حالیہ گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کے وہ سعودی قیادت کے ساتھ مل کر پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانا چاہتے ہیں۔

وزیر اعظم نے خادمین حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز السعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے سعودی قیادت کی ملک میں قابل ستائش اصلاحات کے ویژن کو سراہا۔

وزیر اعظم نے سعودی عرب اور پاکستان کے قریبی تعلقات کو فروغ دینے میں سعودی سفیر کی خدمات کو سراہا۔

وزیراعظم نے سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی جانب سے دونوں ممالک کی ترقی اور خوشحالی میں ادا کردار کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے سعودی قیادت اور حکومت کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ان کی فلاح و بہبود اور معاش کا خیال رکھا۔

وزیراعظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات قائم رہیں گے جن کی بنیاد باہمی اعتماد، قریبی تعاون اور مشترکہ امور کی یکسانیت پر قائم ہے۔

۔ انہوں نے ان تاریخی اور دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کے عزم پر زور دیا۔