قوم سے خطاب ’فراڈ پیکج‘ ہے، عمران خان استعفٰی دیں، ریلیف پیکج نہیں تکلیف پیکج کا اعلان کیا:مریم اورنگزیب

قوم اور ملک کو ریلیف صرف نوازشریف، شہبازشریف دے سکتے ہیں، عمران صاحب نے تین سال میں قوم کو صرف تکلیف دی ہے
تکلیف پیکج پہلے سے پسی ہوئی عوام کے لئے مہنگائی کا نیا تباہ کن طوفان اور بوجھ ثابت ہوگا،یہ مزید مہنگائی ، بے روزگاری اور معاشی تباہی کا باضابطہ اعلان ہے
نوجوانوں کو بے روزگار اور عوام کو بھکاری بنا کر بڑے ریلیف کی باتیں کررہے ہیں
عمران صاحب آپ کچھ نہ کریں صرف استعفیٰ کا اعلان کریں، آٹا چینی گھی بجلی گیس دوائی سب کی قیمتیں کم ہو جائیں گی
ریلیف دینا ہے تو آٹا اور چینی پرانی قیمتوں پر واپس لائیں، عمران صاحب یہ عوام کے لئے تاریخی پیکج نہیں بلکہ تاریخی دھوکہ ہے
تین سال میں عمران صاحب نے قوم کو معاشی تباہی، بے روزگاری اور بدترین مہنگائی کا پیکج دیا ہے
آج عمران صاحب نے ایک بار پھر بہت بڑا جھوٹ بولا، وہ ریلیف صرف اپنے اے ٹی ایم، کارٹلز اور مافیاز کو دے سکتے ہیں
خود کشی کے دعوے پر عمل ہوجاتا تو آج ماﺅں کو اپنے بچوں کو قتل نہ کرنا پڑتا، عوام بے شمار تکالیف سے بچ جاتی
مہنگائی کی سونامی کا باضابطہ اعلان کرنے کے بجائے ناکام، نااہل اور کرپٹ عمران صاحب استعفی دینے کا اعلان کرتے
اگلے چھ ماہ مزید مہنگائی، بے روزگاری اورمعاشی تباہی بڑھے گی، یہ ریلیف پیکج ہے؟
آٹا، چینی، بجلی، گیس، کپاس، پٹرول مزید مہنگے ہوں گے، یہ ہے آپ کا ریلیف پیکج ؟
بجلی گیس کی قیمت مزید بڑھے گی اور بجلی گیس ملے گی بھی نہیں، واہ عمران صاحب کیا پیکج دیا ہے؟
دوسروں کی کرپشن کی جھوٹی کہانیاں پٹ چکیں، مسلم لیگ (ن) کی قیادت چالیس سال کا حساب دے چکی ہے
پاکستان سے لے کر برطانیہ کی عدالتوں، چالیس سال کے عرصے کی عالمی تحقیق سے عمران صاحب پوری دنیا میں جھوٹے ثابت ہوچکے ہیں
عمران صاحب آپ توشہ خان سے چوری کئے ہوئے تین کلو سونے، ہیرے کے سیٹ اور تین قیمتی گھڑیوں کا حساب دیں
عمران صاحب اگر تین سال میں عوام کا آٹا چینی بجلی گیس دوائی چوری کا لوٹا ہوا پیسہ سرکاری خزانے میں جمع کروا دیں تو مہنگائی بے روزگاری اور معاشی تباہی ختم ہو جائے گی
قومی سلامتی کمیٹی میں شرکت کا فیصلہ پارٹی کرے گی، ٹی ایل پی کے ساتھ معاہدہ سامنے لایا جائے
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا وزیراعظم کے قوم سے خطاب پر ردعمل ، پریس کانفرنس

اسلام آباد ( ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم کے قوم سے خطاب کو ’فراڈ پیکج‘ قرار دیتے ہوئے عمران خان سے استعفٰی دینے کا مطالبہ کیا اور کہا ہے کہ عمران صاحب نے ریلیف پیکج نہیں تکلیف پیکج کا اعلان کیا، یہ تکلیف پیکج پہلے سے پسی ہوئی عوام کے لئے مہنگائی کا نیا تباہ کن طوفان اور بوجھ ثابت ہوگا، یہ مزید مہنگائی ، بے روزگاری اور معاشی تباہی کا باضابطہ اعلان ہے۔ نوجوانوں کو بے روزگار اور عوام کو بھکاری بنا کر بڑے ریلیف کی باتیں کررہے ہیں۔عمران صاحب آپ کچھ نہ کریں صرف استعفیٰ کا اعلان کریں، آٹا چینی گھی بجلی گیس دوائی سب کی قیمتیں کم ہو جائیں گی۔ ریلیف دینا ہے تو آٹا اور چینی پرانی قیمتوں پر واپس لائیں۔ وزیراعظم کے قوم سے خطاب پر اپنے ردعمل اور قبل ازیں پریس کانفرنس میں ترجمان مسلم لیگ (ن) نے کڑی تنقید کرتے ہوئے کہاکہ عمران صاحب یہ عوام کے لئے تاریخی پیکج نہیں بلکہ تاریخی دھوکہ ہے۔ تین سال میں عمران صاحب نے قوم کو معاشی تباہی، بے روزگاری اور بدترین مہنگائی کا پیکج دیا ہے۔ آج عمران صاحب نے ایک بار پھر بہت بڑا جھوٹ بولا۔ وہ ریلیف صرف اپنے اے ٹی ایم، کارٹلز اور مافیاز کو دے سکتے ہیں۔ دعوے کے مطابق ایک خودکشی ہوجاتی تو آج ماﺅں کو اپنے بچوں کو قتل نہ کرنا پڑتا۔ عوام بہت سی تکالیف سے بچ جاتی۔ آئی ایم ایف کی تعبیداری میں آٹا چینی بجلی گیس دوائی اور کتنی مہنگی کرنی ہے؟ انہوں نے کہاکہ مہنگائی کی سونامی کا باضابطہ اعلان کرنے کے بجائے ناکام، نااہل اور کرپٹ عمران صاحب استعفی دینے کا اعلاں کرتے۔ ثابت ہوگیا کہ اب صرف عمران صاحب کا استعفی ہی مہنگائی کی ستائی عوام کے لئے سب سے بڑا ریلیف پیکج ہوگا۔ اگلے چھ ماہ مزید مہنگائی، بے روزگاری اورمعاشی تباہی بڑھے گی، یہ ریلیف پیکج ہے؟ آٹا، چینی، بجلی، گیس، کپاس، پٹرول مزید مہنگے ہوں گے، یہ ہے آپ کا ریلیف پیکج ؟ بجلی گیس کی قیمت مزید بڑھے گی اور بجلی گیس ملے گی بھی نہیں، واہ عمران صاحب کیا پیکج دیا ہے؟ مریم اورنگزیب نے کہاکہ سیاسی مخالفین کے خلاف کرپشن کی جھوٹی کہانیاں پٹ چکیں، مسلم لیگ (ن) کی قیادت چالیس سال کا حساب دے چکی ہے۔ پاکستان سے لے کر برطانیہ کی عدالتوں، چالیس سال کے عرصے کی عالمی تحقیق سے عمران صاحب پوری دنیا میں جھوٹے ثابت ہوچکے ہیں۔ عمران صاحب آپ توشہ خان سے چوری کئے ہوئے تین کلو سونے، ہیرے کے سیٹ اور تین قیمتی گھڑیوں کا حساب دیں ۔ ترجمان مسلم لیگ (ن) نے کہاکہ عمران صاحب اگر تین سال میں عوام کا آٹا چینی بجلی گیس دوائی چوری کا لوٹا ہوا پیسہ سرکاری خزانے میں جمع کروا دیں تو مہنگائی بے روزگاری اور معاشی تباہی ختم ہو جائے گی۔ عمران صاحب کا ریلیف پیکج کا اعلان ایک کروڑ نوکری ، پچاس لاکھ گھر اور ’آئی ایم ایف نہیں جاو¿ں گا‘، جیسا ہے، عوام سب جانتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومتی ترجمانوں کے بیان آپس میں نہیں ملتے۔ نوازشریف نے تین سال میں نہ صرف عوام کو ریلیف دیا، قومی ترقی کی شرح 5.8 فیصد کی، مہنگائی کو 3 فیصد کی کم ترین سطح پر رکھا، بلکہ اس کے ساتھ پاکستان کو ترقی کی شاہراہ پر بھی ڈالا جبکہ عمران صاحب نے عوام کو بھوک افلاس اور بے روزگاری کے سوا کچھ نہیں دیا۔ تین سال میں کارخانے بند کرکے لنگر خانے کھولنے کا پیکج دیا۔ انہوں نے کہاکہ عمران صاحب کی ترجیح عوام ہوتے تو وہ آٹا چینی بجلی گیس دوائی میں چوریاں نہ کرواتے، ان کی ترجیح اے ٹی ایمز، کارٹلز اور مافیاز کا نفع اور نقصان دیکھنا ہے۔ ان کی ترجیح یہ ہے کہ پارلیمنٹ کو بائی پاس کرتے ہوئے کس طرح قانون میں تبدیلی اور نیب آرڈیننس کے ذریعے ترمیم کرکے اپنے اے ٹی ایمز کو بچانا اور این آر او دینا ہے۔ عوام کو ریلیف دینا ان کی ترجیح نہیں۔ جو آٹا 35 روپے کلو ملتا تھا آج 110 روپے ہے، عمران صاحب اس طرح عوام کو ریلیف نہیں ملتا۔ 2018 میں جو چینی 52 روپے کلو تھی، آج 130 روپے ہے، دو دن میں چینی کی قیمت میں 20 روپے اضافہ ہوا ہے۔ 2018 میں بجلی کا فی یونٹ 11 روپے تھا جو 24 روپے ہوگیا، گیس کی قیمت 600 سے 1400 روپے کردی، گھی کی قیمت 2018 میں 140 تھی، اسے 360 روپے پر پہنچا دیا، ادویات 500 فیصد مہنگی کیں، عمران صاحب ایسے عوام کو ریلیف نہیں دیاجاتا۔ انہوں نے کہاکہ عمران صاحب نے تین سال میں صرف ملک اور عوام کو مقروض کیا ہے، تکالیف پہ تکالیف دی ہیں۔ عمران صاحب کنٹینر پر کھڑے ہوکر کہا کرتے تھے کہ قرضہ نہیں لوں گا، آئی ایم ایف نہیں جاﺅں گا، خود کشی کرلوں گا۔ 2018 میں 25000 ارب کا قرض آج 2021 میں40000 ارب پر پہنچ چکا ہے۔ 2018 میں قرض اور ادائیگیوں سمیت مجموعی قرض 29000 ارب روپے تھا اور آج مجموعی طورپر 48000 ارب روپے ہے۔ یہ ریلیف دیا ہے قوم اور ملک کو؟ انہوں نے کہاکہ دودھ کی قیمت 2018 میں 90 روپے تھی، آج 130 روپے ہے، 100 روپے جو دہی تھا، وہ آج 200 روپے ہے۔ چاول 80 سے 180 کردیا، سبزیوں کی قیمت میں 200 سے 300 فیصد اضافہ کردیا۔ محکمہ شماریات کی رپورٹ ہے کہ دال، آلو، گھی، چاول ہر چیز کی قیمت کئی گنا بڑھ چکی ہے۔آلو 27 سے 72 روپے کلو، چاول 75 روپے سے 117 روپے، مرغی 191 سے 400 سے 500 روپے پر پہنچ گئی، انڈے 52 روپے سے 178 روپے، ٹماٹر 31 سے 95 روپے کلو ہوگئے۔ اور عمران صاحب بات کررہے ہیںکہ بہت بڑا ریلیف پیکج دوں گا۔ آج خطے میں سب سے مہنگا ملک پاکستان ہے۔ عمران صاحب نے ملک میں مہنگائی، بے روزگاری، قرض، روپے کی قدر میں کمی، بجلی گیس پٹرول، دوائی سمیت ہر چیز کی قیمت میں اضافے کے عالمی اور تاریخی ریکارڈ قائم کئے ہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہاکہ 5.8 فیصد کی شرح سے ترقی کرتے ملک کو پہلے منفی شرح نمو کی کھائی میں پہنچایا اور اب 3 فیصد ترقی کی شرح ہونے کا جھوٹ بولا جارہا ہے۔ انہوں نے ملک کو بھوک اور افلاس کے گڑھے میں گرادیا۔ انہوں نے کہاکہ عمران صاحب نے 90 دن میں کرپشن کے خاتمے اور اپنی حکومت کے پہلے 100 دن میں معاشی ترقی اور گُڈ گورننس قائم کرنی تھی، کہاں گئے وہ دعوے اور اعلان؟ 90 دن میں کرپشن ختم اس طرح ہوئی کہ اپنے مافیاز، اے ٹی ایمز اور کارٹلز کو این آر او دے دیا۔ عوام کا آٹا چینی بجلی گیس ایل این جی دوائی چوری کرائی اور کھلی چھوٹ دے دی۔ عمران صاحب نے اعلان تو پچاس لاکھ گھر اور ایک کروڑ نوکری دینے کا بھی کیا تھا۔ اعلان تو وزیراعظم ہاوس کو یونیورسٹی بنانے، ’پروٹوکول نہیں لوں گا‘ اور گورنر ہاﺅس کی دیواریں گرانے کا بھی کیاگیا تھا۔ اعلان تو مرجاﺅں گا، قرض نہیں لوں گا، خود کشی کرلوں گا، آئی ایم ایف نہیں جاﺅں گا، کا بھی کیا تھا۔ خود کشی والے اعلان پر ہی عمل کردیتے تو عوام آج اس تکلیف میں نہ ہوتی۔ انہوں نے کہاکہ میرا مشورہ ہے کہ عمران صاحب ایک اور خطاب کرکے جھوٹوں ، عوام کو دھوکہ دینے اورگناہ کمانے کے بجائے استعفی دیں۔ آپ عوام کو ریلیف نہیں صرف تکلیف دے سکتے ہیں جو آپ تین سال سے مسلسل دے رہے ہیں۔ آپ تین سال سے قوم کو رُلا رہے ہیں، ان کی چیخیں نکلوا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیرخزانہ نے اعلان کیا کہ مہنگائی اور بے روزگاری بڑھے گی، آج قوم سے فراڈ میں عمران صاحب نے بھی مہنگائی کے نئے سونامی کا باضابطہ اعلان کیا۔ انہوں نے کہاکہ 2018 میں موٹر سائیکل کی قیمت 64 ہزار تھی جو آج 95000 ہوچکی ہے ۔ جو رجسٹریشن پچیس سو میں ہوتی تھی، آج پانچ ہزار میں ہوتی ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہاکہ عمران صاحب اٹھارہ سال سے عوام کے ساتھ فراڈ کرتے اور جھوٹ بولتے آرہے ہیں۔ کنٹینر پر اور اب تین سال سے عوام کے ساتھ جھوٹ اور کذب بیانی جاری ہے، آٹھ سال سے خیبرپختونخوا کے عوام سے جھوٹ بولتے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عمران صاحب پہلے چئیرمین نیب بننا چاہتے تھے۔ اب ان کا خواب شہزاد اکبر بننا ہے۔ چئیرمین نیب کی تقرری اب عمران صاحب کے اختیار میں ہے۔ آئین کے تحت صدر اپنا تمام اختیار وزیراعظم سے لیتا ہے۔ یہ ہے جھوٹے احتساب کی اصل کہانی۔عمران صاحب نے آٹا،چینی، بجلی، گیس، دوائی چوروں کو این آر او دیا۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں مہنگائی عمران صاحب کے دستخطوں اور فیصلوں سے بڑھی ہے، اس کی تمام تر ذمہ داری بھی عمران صاحب پر ہی عائد ہوتی ہے۔ ترجمان مسلم لیگ (ن) نے کہاکہ عمران صاحب کا استعفی ہی قوم کے لئے سب سے بڑا ریلیف پیکج ہے، یہ پاکستان کی عوام کی زندگیوں میں آسانی پیدا کرنے کا سنگ میل ثابت ہوگا۔ عمران صاحب میں ملک چلانے اور بائیس کروڑ عوام کے مقدر کے فیصلے کرنے کی اہلیت نہیں۔ نوازشریف کے دور میں جو بجلی کا بل دو ہزار آتا تھا، آج پانچ ہزار آتا ہے۔عمران صاحب جس دن ریلیف کی بات کرتے ہیں، اسی دن چینی آٹا بجلی گیس مہنگی کرتے ہیں۔ ایک کلو چینی کے لئے بہنوں بیواﺅں کو قطار میں کھڑا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ 2018 میں پاکستان کپاس، چینی آٹا برآمد کررہا تھا۔ تین سال میں عمران صاحب کے فیصلوں اور ان کے مافیاز کی جیبیں بھرنے سے آج ملک آٹا چینی کپاس درآمد ہورہی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے دور میں ملک میں کپاس کی پیداوار 11.9 ملین بیلز تھی۔ آج کپاس کی پیداوار ملک کی تیس سال کی کم ترین سطح 5.9 ملین بیلز پر ہے۔ جو ڈی اے پی کھاد 2600 میں ملتی تھی، آج 8000 ہزار میں ملتی ہے۔ یہ کسانوں کو ریلیف دیا ہے؟ کوئی بھوکا نہیں سوئے گا، کا اعلان کرکے لنگر خانے کھولے، پھر وہ بھی بند کردئیے۔ عمران صاحب نے ملک کو غریب، عوام کو بھکاری بنادیا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ قومی سلامتی کمیٹی میں شرکت کا فیصلہ پارٹی کرے گی۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہاکہ ٹی ایل پی کے ساتھ جو معاہدہ ہوا ہے، اسے سامنے لایا جائے۔
٭٭٭٭٭٭