پاکستان مسلم لیگ (ن) نے مہنگائی اور معاشی تباہی کے خلاف 20 اکتوبر سے سڑکوں پر آنے کا پروگرام تشکیل دے دیا

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی زیر صدارت پارٹی کے اعلی سطحی اجلاس میں عوام کے حقوق کے تحفظ کے لئے راست اقدام کا فیصلہ
اجلاس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، خواجہ سعد رفیق، مریم اورنگزیب، پارٹی کے چاروں صوبائی، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے صدور اور جنرل سیکریٹریز کی شرکت
پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ملک گیر احتجاج کے لیے ریلیوں، جلوسوں اور مظاہروں کے پروگرام کو حتمی شکل دیدی
20 اکتوبر سے ملک بھر میں احتجاج کے آغاز کا فیصلہ، صوبوں اور اضلاع میں پارٹی عہدیداروں کو اجتجاج کی کال دے دی گئی
ملک گیر احتجاج کے سلسلے میں پاکستان مسلم لیگ (ن) اپنا پہلا احتجاجی مظاہرہ راولپنڈی میں کرے گی: اجلاس میں فیصلہ
ملک گیر احتجاج کے سلسلے میں مرکزی اور صوبائی عہدیداروں کے اشتراک عمل کے لئے مختلف کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں

لاہور ( ) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ملک میں بدترین مہنگائی اور معاشی تباہی کے خلاف 20 اکتوبر سے سڑکوں پر آنے کا پروگرام تشکیل دے دیا۔ یہ فیصلہ منگل کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی زیر صدارت پارٹی کے اعلی سطحی اجلاس میںکیاگیا۔ اجلاس میں تاریخ کی بدترین مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی تباہی کے خلاف عوام کے حقوق کے تحفظ کے لئے راست اقدام اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، خواجہ سعد رفیق، مریم اورنگزیب، پارٹی کے چاروں صوبائی، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے صدور اور جنرل سیکریٹریز نے شرکت کی۔ اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ملک گیر احتجاج کے لیے ریلیوں، جلوسوں اور مظاہروں کے پروگرام کو حتمی شکل دیتے ہوئے نظام الاوقات کی منظوری دی۔اجلاس میں 20 اکتوبر سے ملک بھر میں احتجاج کے آغاز کا فیصلہ کیاگیا اور صوبوں اور اضلاع میں پارٹی عہدیداروں کو اجتجاج کی کال دے دی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ ملک گیر احتجاج کے سلسلے میں پاکستان مسلم لیگ (ن) اپنا پہلا احتجاجی مظاہرہ راولپنڈی میں کرے گی۔اجلاس میں ملک گیر احتجاج کے سلسلے میں مرکزی اور صوبائی عہدیداروں کے اشتراک عمل کے لئے مختلف کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئیں۔
٭٭٭٭٭