پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نوازشریف سے پاکستان میں امریکی ناظم الامور اینجلا ایگلرکی جاتی عمرا میں ملاقات

لاہور ( ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نوازشریف سے پاکستان میں امریکی ناظم الامور اینجلا ایگلر نے جمعرات کو جاتی عمرا، رائیونڈ میں ملاقات کی۔ امریکی ناظم الامور اینجلا ایگلر کی آمد پر مریم نوازشریف نے ان کا استقبال کیا۔ لاہور میں امریکی قونصلیٹ کے قونصل جنرل ولیم میکانول اور پولیٹیکل آفیسر خدیجہ کورے بھی امریکی ناظم الامور کے ہمراہ تھیں۔ ملاقات میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، پرویزرشید، خرم دستگیر، مریم اورنگزیب، طارق فاطمی اور بلال کیانی بھی موجود تھے۔ ملاقات میں دوطرفہ دلچسپی کے امور، پاکستان امریکہ تعلقات ،عالمی وعلاقائی امن وسلامتی، افغانستان کی صورتحال، خواتین اور بچوں کے حقوق، تعلیم وصحت اور دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط کے فروغ سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ مریم نوازشریف نے قائد محمد نوازشریف اور پارٹی کی جانب سے نومنتخب صدر جوبائیڈن اور ان کی حکومت کو مبارک،پاکستان کے عوام کی طرف سے خیرسگالی کا پیغام دیا۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم محمد نوازشریف نے عدم مداخلت کی پالیسی کو اپنی خارجہ پالیسی کا بنیادی محور بنایا تھا اور ہمسایوں سمیت تمام ممالک کے ساتھ خوشگوار، باہمی اعتماد، امن وترقی پر مبنی تعلقات کو فروغ دیا تھا۔ افغانستان کو اپنا قریبی ہمسایہ سمجھتے ہیں اور اس کی خودمختاری کا احترام کرتے ہیں۔افغانستان میں کسی مداخلت کے حامی نہیں۔ مریم نوازشریف نے کہاکہ ہم افغان عوام، خواتین اور بچوں کے لئے امن، ترقی اور خوش حالی کے خواہاں ہیں۔ افغانستان کے عوام کی انسانی مدد کے لئے پوری دنیا کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ ایسی سازگار فضاءناگزیر ہے جس میں لاکھوں افغان مہاجرین عزت ووقار کے ساتھ اپنے گھروں کو لوٹ سکیں ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف عظیم قربانیاں دی ہیں۔ وزیراعظم نوازشریف نے دہشت گردی کے خلاف قومی بیانیہ تشکیل دیا اور پوری قوم کو اس عفریت کے خلاف متحد کیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے عوام کی امنگوں کی ترجمانی کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) پرامن بقائے باہمی، جمہوریت و ترقی اور سلامتی پر مبنی ایجنڈے کے فروغ میں یقین رکھتی ہے۔ ہم جمہوریت اور جمہوری اصولوں کی نشوونما اور مضبوطی چاہتے ہیں۔ اس مقصد کے لئے دنیا بھر کے جمہوریت پسندوں کے ساتھ شریک کار ہونا چاہتے ہیں۔ امریکی ناظم الامور نے انسداد دہشت گردی کے لئے پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔ انہوں نے مریم نوازشریف کی خواتین،بچوں، ذرائع ابلاغ، انسانی حقوق کے لئے جدوجہد کو سراہا۔

٭٭٭٭٭