نواز شریف کا 35 سال سے زائد سیاسی کیرئیر ، وزیراعلی پنجاب اور تین دفعہ منتخب وزیراعظم رہے لیکن ایک دھیلے کی کرپشن کا الزام تک نہ لگ سکا
نیب کی نواز شریف کے خلاف پریس ریلیز غیر قانونی ہے
قومی احتساب بیورو عمران خان کے سیاسی ایجنڈے کے اہلکار اور چئیرمین نیب عمران خان کے غلام بنے ہوئے ہیں
اندھے نیب کی قلابازیاں عمران خان کی کرپشن اور آٹا چینی بجلی گیس دوائی ، بی آر ٹی پشاور ، بلین ٹری سونامی ایلن این جی میں نظر نہیں آتی
پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کی پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر پریس کانفرنس
اسلام آباد () پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے نواز شریف کے خلاف نیب پریس ریلیز کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئےکہا ہے کہ قومی احتساب بیورو کا قائد نواز شریف کے خلاف جاری کردہ پریس ریلیز دراصل چئیرمین نیب کی ایکسٹنشن (نوکری میں توسیع) کی درخواست ہے۔ نواز شریف کا 35 سال سے زائد سیاسی کیرئیر، وزیراعلی پنجاب اور تین دفعہ منتخب وزیراعظم رہے لیکن ایک دھیلے کی کرپشن کا الزام تک نہ لگ سکا۔ ججوں کو وڈیو دکھا کر بلیک میل کر کے سرینا ہوٹل کے لفافوں میں فیصلے بھیج کر سزا سنائی گئی، جس فیصلے کی بنیاد پر یہ پریس ریلیز جاری کی گئی وہ اسلاآباد ہائی کورٹ میں زیرِ سماعت ہے اور اُس پہ حتمی فیصلہ ابھی نہیں آیا۔ منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر ہنگامی پریس کانفرنس میں ترجمان مسلم لیگ (ن) نے کہاکہ محمد نواز شریف اور شہباز شریف نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا ، 14000 میگاواٹ بجلی تین سال کی ریکارڈ مدت میں بنا کر دی اور ملک سے لوڈ شیڈنگ کے اندھیرے ختم کئے۔ موٹر ویز ، سڑکیں ، میٹروز ، ہسپتال ، سکول، کالج، یونیورسٹیاں بنائیں۔ سی پیک جیسا غربت مٹانے کا عظیم منصوبہ دیا۔ کھربوں روپے کے منصوبوں میں ایک دھیلے کی کرپشن کا الزام تک نہ لگ سکا۔ انہوں نے کہا کہ ججوں کو وڈیوز دکھا کر بلیک میل کر کے سرینا ہوٹل کے لفافوں میں فیصلے بھیج کر سزا سنائی گئی۔ جس فیصلے کی بنیاد پر یہ پریس ریلیز جاری کی گئی، وہ اسلاآباد ہائی کورٹ میں زیرِ سماعت ہے اور اُس پہ حتمی فیصلہ ابھی نہیں آیا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ نیب کی نواز شریف کے خلاف پریس ریلیز غیر قانونی ہے۔ قومی احتساب بیورو عمران خان کے سیاسی ایجنڈے کے اہلکار اور چئیرمین نیب عمران خان کے غلام بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اندھے نیب کی قلابازیاں عمران خان کی کرپشن اور آٹا چینی بجلی گیس دوائی ، بی آر ٹی پشاور ، بلین ٹری سونامی ایلن این جی میں نظر نہیں آتیں۔ اندھے نیب کی قلابازیاں عمران صاحب کی کڑوڑوں روپے کی زمان پارک کے تعمیر اور بنی گالہ کا غیر قانونی محل نظر نہیں آتا۔ کسی نے نہیں پوچھاکہ عمران صاحب یہ پیسہ کہاں سے آیا؟ ترجمان مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ عوام سب جانتے اور سمجھتے ہیں ، عوام کو بھیڑ اور بکریاں نہ سمجھیں۔ انہوں نے کہا کہ اندھے نیب چئیرمین کو نظر نہیں آتا کہ آج ملک میں ہر تبادلہ، جائیداد کا انتقال، ہر ایف آئی آر، ہسپتال کی پرچی اور سکول کا داخلہ بکاؤ مال بن گیا ہے۔ ہم عمران صاحب اور نیب کی بلیک میلنگ کا مقابلہ کریں گے۔
**