پاکستان میں جرمن سفیر نے قائد حزب اختلاف سے لاہور میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور جرمن سفیر کاباہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال
پاکستان اور جرمنی دیرینہ اور باہمی اعتمادو احترام رکھنے والے قریبی دوست ممالک ہیں: شہبازشریف
جرمن عوام کی ہمت ، ثابت قدمی اور محنت کا مداح ہوں: شہبازشریف
لاہور۔ ( ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف سے پاکستان میں جرمنی کے سفیر برن ہارڈ شلیکہیگ نے ملاقات کی۔ جرمن سفیر نے قائد حزب اختلاف سے لاہور میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور جرمن سفیر نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور جرمنی دیرینہ اور باہمی اعتمادو احترام رکھنے والے قریبی دوست ممالک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جرمن عوام کی ہمت ، ثابت قدمی اور محنت کا مداح ہوں۔جرمنی کی عوام نے جس بصیرت اور تدبر سے حالات کا پانسہ پلٹا، ایک نادر مثال ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ جرمنی دنیا میں ہی نہیں بلکہ یورپ میں بھی ترقی، امن اور خوشحالی کا بہترین ماڈل بن کر ابھرا ہے۔ قائد حزب اختلاف نے کہا کہ پاکستان اور جرمنی میں باہمی تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جرمنی کی ترقی سے بہت کچھ سیکھ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوطرفہ معاشی و تجارتی تعاون باہمی مفاد میں حیرت انگیز کامیابیوں کا باعث بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملک کے اندر اور خطے میں ترقی، امن اور خوش حالی کے لئے مثالی کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) نے دہشت گردی کا خاتمہ کرنے میں کلیدی کردار اداکیا۔ جرمن سفیر نے ملاقات کے لئے وقت دینے پر قائد حزب اختلاف شہبازشریف کا شکریہ ادا کیا۔ جرمن سفیر نے پنجاب میں عوامی منصوبوں کے حوالے سے شہبازشریف کی خدمات کو سراہا۔