آزاد جموں و کشمیر کے مختلف حلقوں سے الیکشن بے ضابطگیوں، پولنگ ایجنٹس کو پولنگ سٹیشنز میں داخل ہونے سے روکنے اور پولنگ کی بندش کی شکایات دن بھر آتی رہیں: مریم اورنگزیب

اسلام آباد ( ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے پارٹی کارکنان کی گرفتاریوں اور درخواستیں وصول کرنے سے الیکشن کمیشن کے عملے کے انکار کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے مختلف حلقوں سے الیکشن بے ضابطگیوں، پولنگ ایجنٹس کو پولنگ سٹیشنز میں داخل ہونے سے روکنے اور پولنگ کی بندش کی شکایات بڑھتی جارہی ہیں ۔آزادجموں وکشمیر کے انتخابات میں شفافیت، غیرجانبداری سوالیہ نشان بنتی جارہی ہے۔ پولنگ سٹیشنز میں ہمارے پولنگ ایجنٹس کو داخل ہونے سے روکنے، پی ٹی آئی کی گاڑیوں میں پولنگ سامان لانے، فائرنگ اور مداخلت کے قابل مذمت واقعات کی بڑھتی تعداد انتہائی تشویشناک اور شفاف الیکشن کے تقاضوں کے منافی ہے۔ ہفتہ کو آزادجموں وکشمیر میں انتخابات کے سلسلے میں اپنے بیانات میں انہوں نے کہاکہ مختلف حلقوں سے پولنگ کی عمل میں رخنہ اندازی کی شکایات تمام دن موصول ہوتی رہیں۔ انہوں نے کہاکہ پولنگ سٹیشن پر حملہ کرنے والے پی ٹی آئی غنڈوں کو پکڑنے کے بجائے علی پور چٹھہ پولیس نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار کارکنان میں سمیع اللہ راہڑ، زمان مٹو، ہمایوں ہنجرا، قاسم بھٹی اور ذوالقرنین شامل تھے۔ پولیس نے عامر راہڑ ایڈوکیٹ کے ڈیرے پر اس وقت چھاپا مارا جب پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کارکن عامر راہڑ کی قیادت میں پی ٹی آئی کے غنڈوں کے حملے کا مقابلہ کر رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کے غنڈوں نے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول علی پور چٹھہ پولنگ سٹیشن پر انتخابی دھاندلی کے لئے حملہ کیا تھا۔ پی ٹی آئی کے غنڈوں کو غنڈہ گردی کرنے کی پوری آزادی دی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کے عملے نے مسلم لیگ (ن) کی درخواستیں وصول کرنے سے انکار کر دیا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نمائندوں کو عملے نے جواب دیا کہ چیف الیکشن کمشنر سے پوچھ کر درخواستیں وصول کریں گے۔ پرتشدد واقعات اور دھاندلی کی شکایات شفاف، غیرجانبدارانہ اور آزادانہ انتخابات کے تقاضوں کی دھجیاں اڑا تے رہے۔ انہوں نے کہاکہ پولنگ سٹیشن گرلز پرائمری سکو ل کنگڑ ہڑیولہ (یوسی ) کومی کوٹ پر دوگھنٹے پولنگ بند رہی اورخواتین ووٹرز کے ساتھ توہین آمیز سلوک کیا گیا۔ عملے کی مدد سے پولنگ اسٹیشن کے اندر ٹھپے لگانے کی تشویشناک اطلاعات بھی موصول ہوئیں۔ ایل اے 32 چکار، ایل اے 33 گوہر آباد میں پی ٹی آئی کے سوا کسی جماعت کا پولنگ ایجنٹ پولنگ سٹیشن میں داخل نہیں ہونے دیا گیا انہوں نے کہاکہ 2018 اور ڈسکہ الیکشن کے ہتھکنڈے کھلم کھلا انجام دئیے جاتے رہے جس کے خلاف عوام میں شدید ردعمل ہوا۔ جو ناخوشگوار صورتحال پیدا ہوئے اس کے ذمہ دار تو عمران صاحب ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تمام درخواستیں الیکشن کمیشن میں جمع کروا دی گئی ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے پولنگ سٹیشنز سے پارٹی پولنگ ایجنٹس کو نکالنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ڈسکہ میں الیکشن کمیشن کا عملہ اغوا کر کے اور آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کا عملہ باہر نکال کے ووٹ چوری کئے جا رہے ہیں ۔ مختلف پولنگ سٹیشنز پر مسلم لیگ (ن) کے پولنگ ایجنٹس کو داخل ہونے سے روکنا ڈسکہ الیکشن کا ایکشن ری پلے ہے ۔ حکومتی دباو کے ذریعے پولیس کو مسلم لیگ (ن) کے پولنگ ایجنٹس اور پارٹی رہنماوں کو ہراساں کیاجارہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کئی پولنگ سٹیشنز پر پولنگ ایجنٹس کی غیرموجودگی میں بیگز کو کھولا گیا، بیلٹ ب±کس کے حوالے سے بھی شکایات موصول ہوئی ہیں ۔ فائرنگ کے واقعات کی اطلاعات تشویشناک ہیں، حکومت آزادجموں وکشمیر میں ڈسکہ والے رویے سے باز آئے ۔ مریم اورنگزیب نے کہاکہ عمران صاحب آزادجموں وکشمیر میں مودی والا رویہ اختیار نہ کریں۔ پی ٹی آئی اور عمران صاحب کو اپنی شکست واضح نظر آرہی ہے۔ عمران صاحب 2018 والے ہتھکنڈے اختیار کرنے کی کوشش کررہے ہیں جو ان کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہاکہ عمران صاحب دھاندلی کے ذریعے آپ اپنی شکست کو فتح میں نہیں بدل سکتے ۔ اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہاکہ آزادجموں وکشمیر کے انتخابات میں شفافیت، غیرجانبداری سوالیہ نشان بنتی جارہی ہے۔ پولنگ سٹیشنز میں ہمارے پولنگ ایجنٹس کو داخل ہونے سے روکنے، پی ٹی آئی کی گاڑیوں میں پولنگ سامان لانے، فائرنگ اور مداخلت کے قابل مذمت واقعات کی بڑھتی تعداد انتہائی تشویشناک اور شفاف الیکشن کے تقاضوں کے منافی ہے۔مریم اورنگزیب نے کہاکہ آزادجموں وکشمیر کے عوام کے ووٹ کی حفاظت ہر قیمت پر کریں گے اور دھاندلی، دباو اور دھونس کے ہر ہتھکنڈے کو بے نقاب کریں گے۔ الیکشن کمشن اپنی قانونی وآئینی ذمہ داریاں پوری کرے اور عوام کے حق حکمرانی کو یقینی بنائے۔