حادثے کی جگہ سمیت سکھر ڈویڑن میں 13 مقامات پر ٹریک کی حالت ٹھیک نہ ہونے کی تحریری رپورٹ کے باوجود مجرمانہ غفلت کیوں برتی گئی؟شہبازشریف

عمران خان اپوزیشن میں تھے تو کسی حادثے پر اعلی ترین سطح پر ذمہ داری کے تعین کی باتیں کرتے تھے
آج ان کی حکومت میں ٹرین کا ایک اور بڑا حادثہ ہوا ہے، کتنے وزرا اور افسران سے جوابدہی کی گئی؟
ٹرین کے تصادم میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور درجنوں مسافر زخمی ہونے پر دلی دکھ ہے
متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کرتے ہیں ، افسوس موجودہ دور ٹرین کے حادثات کا دور ثابت ہو رہا ہے
واقعے کی حقیقی اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائے اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے
حفاظت اور وسائل کے لحاظ ریلوے آج تباہی وبربادی کی بھینٹ چڑھ چکا ہے
اللہ تعالی مرحومین کو جنت الفردوس میں جگہ دے اور لواحقین کو صبر جمیل دے، قائد حزب اختلاف کی زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا ڈہرکی کے قریب سرسید ایکسپریس اور ملت ایکسپریس کے تصادم پر رنج و غم اور افسوس کا اظہار

لاہور ( ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے ڈہرکی، سندھ کے قریب سرسید ایکسپریس اور ملت ایکسپریس کے تصادم پر رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے سوال کیا ہے کہ حادثے کی جگہ سمیت سکھر ڈویڑن میں 13 مقامات پر ٹریک کی حالت ٹھیک نہ ہونے کی تحریری رپورٹ کے باوجود مجرمانہ غفلت کیوں برتی گئی؟ پیر کو اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ ٹرین کے تصادم میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور درجنوں مسافر زخمی ہونے پر دلی دکھ ہے۔ متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ افسوس موجودہ دور ٹرین کے حادثات کا دور ثابت ہو رہا ہے ۔ واقعے کی حقیقی اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائے اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ دعا کی کہ اللہ تعالی مرحومین کو جنت الفردوس میں جگہ دے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔ قائد حزب اختلاف کی زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعابھی کی۔ دریں اثناءاپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہاکہ عمران خان اپوزیشن میں تھے تو کسی حادثے پر اعلی ترین سطح پر ذمہ داری کے تعین کی باتیں کرتے تھے۔ آج ان کی حکومت میں ٹرین کا ایک اور بڑا حادثہ ہوا ہے، کتنے وزرا اور افسران سے جوابدہی کی گئی؟ حفاظت اور وسائل کے لحاظ ریلوے آج تباہی وبربادی کی بھینٹ چڑھ چکا ہے۔