شہبازشریف کی کوئٹہ اور تربت میں ایف سی پر دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت ارض وطن کی سلامتی پر قربان ہوجانے والے بیٹوں پر فخر ہے ، بلوچستان میں بدامنی کے بڑھتے واقعات باعث تشویش ہیں

امن وامان کی موجودہ صورتحال سنجیدگی سے غور کا تقاضا کررہی ہے
پانی کے مسئلے پر سندھ اور پنجاب میں محاذ آرائی افسوسناک ہے، پانی کی تقسیم حساس معاملہ ہے، غیر ذمہ داری خطرناک ہو سکتی ہے
سندھ کے شہروں میں پانی کی کمی پر مظاہرے نیک فال نہیں، عمران خان نیازی وفاقی اکائیوں کے اتحاداور ملکی سلامتی داو پر نہ لگائیں
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف کی کوئٹہ اور تربت میں ایف سی پر دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت، پانی کی تقسیم پر اختلافات پر تشویش کااظہار

لاہور ( ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کوئٹہ اور تربت میں ایف سی پر دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ارض وطن کی سلامتی پر قربان ہوجانے والے بیٹوں پر فخر ہے ۔ قائد حزب اختلاف نے ایف سی کے شہداکو خراج عقیدت،شہداءکے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں بدامنی کے بڑھتے واقعات باعث تشویش ہیں۔ امن وامان کی موجودہ صورتحال سنجیدگی سے غور کا تقاضا کررہی ہے ۔ شہبازشریف نے ایف سی کے زخمی جوانوں کے جذبے کی تحسین، جلد صحت یابی کی دعا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی شہداءکو بلند مرتبہ اور لواحقین کو صبرجمیل دے۔ دریں ثناءپاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے پانی کی تقسیم پر اختلافات پر تشویش کااظہارکرتے ہوئے کہا کہ پانی کے مسئلے پر سندھ اور پنجاب میں محاذ آرائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہاکہ پانی کی تقسیم حساس معاملہ ہے، غیر ذمہ داری خطرناک ہو سکتی ہے۔ قائد حزب اختلاف نے کہاکہ وفاقی حکومت اور ارسا اپنے فرائض ادا کرنے میں ناکام نظر آرہے ہیں ۔ سندھ کے شہروں میں پانی کی کمی پر مظاہرے نیک فال نہیں ۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان نیازی وفاقی اکائیوں کے اتحاداور ملکی سلامتی داو پر نہ لگائیں۔