اسلام آباد: مورخہ 24 مئی 2021
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے پارلیمنٹ میں اپوزیشن جماعتوں کے پارلیمانی قائدین اور رہنماوں کے اعزاز میں پیر کی شب قائد حزب اختلاف کی رہائش گاہ پر عشائیہ کا اہتمام کیا جس میں پاکستان پیپلزپارٹی، عوامی نیشنل پارٹی، جمعیت علماءاسلام (ف)، بی این پی، جمعیت اہلحدیث، پختونخوا ملی عوامی پارٹی، نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماوں نے شرکت کی۔ رکن قومی اسمبلی محسن خان داوڑ کے علاوہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما بھی عشائیہ میں شریک تھے۔ اس موقع پر قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے تمام اپوزیشن جماعتوں کے رہنماوں کا آمد پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عوامی مفادات کا تقاضا ہے کہ اپوزیشن پارلیمان کے اندر متحد ہوکر بجٹ سے متعلق حکمت عملی تیار کرے۔یہ امر اس لئے بھی ناگزیر ہے کیونکہ حکومت قومی شماریات سے متعلق غلط اعدادوشمارپیش کرکے قوم سے دھوکہ کررہی ہے۔ ان اعدادوشمار پر سٹیٹ بیک اور وزارت خزانہ کے حکام کو بھی اعتماد نہیں اور انہوں نے ان پر اعتراضات اٹھائے ہیں۔ لہذا تمام اپوزیشن کواس معاملے پر مشترکہ ردعمل اختیارکرنا چاہئے ۔انہوں نے کہاکہ بدترین مہنگائی، بے روزگاری اور معیشت کی خستہ حالی کے عوام اور ملک پر سنگین اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ اپوزیشن کو مل کر حکومت کی تاریخی نااہلی اور نالائقی کو بے نقاب کرنا ہوگا۔ شہبازشریف نے کہاکہ عوام اور ملک کے مفادات کی حقیقی ترجمانی اپوزیشن کا فرض ہے جسے بھرپور طورپر ادا کیاجائے۔ پارلیمان کے اندر اپوزیشن کی متحد ہ آواز سے حکومت کو عوام دشمن اقدامات سے روکنا ضروری ہے۔ سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف اور جمعیت علماءاسلام (ف) کے قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر مولانا اسد نے عشائیہ کے انعقاد اور تمام اپوزیشن کو مدعو کرنے پر قائد حزب اختلاف شہبازشریف کاشکریہ ادا کیااوران کی تحسین کی۔