پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کی فلسطینی سفیر سے اسلام آباد میں ملاقات

اسلام آباد: بروزمنگل مورخہ 11 مئی 2021

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے بروز منگل مورخہ 11 مئی 2021 کو فلسطین کے سفیر احمدرافعی سے اسلام آباد میں ملاقات کی اور پارٹی قائد محمد نوازشریف، پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان کے عوام کی طرف سے فلسطین کے عوام سے ایک ایسی مشکل گھڑی میں مکمل حمایت اور یک جہتی کا اظہار کیا جب اسرائیلی قابض افواج ایک بار پھر فلسطینیوں پر ظلم وجبر کے پہاڑ توڑ رہی ہیں اور انہیں ان کے آبائی گھروں سے بے دخل کرنے کے لئے دہشت گردی کی جارہی ہے۔ مسجد اقصٰی کے مقدس مقام پر اسرائیلی فوج کی سفاکانہ اور غیرانسانی کارروائی سے دنیا بھر کے لاکھوں مسلمانوں کے دلوں کو بے پناہ تکلیف پہنچی ہے۔ ہزاروں فلسطینی پہلے ہی بری طرح زخمی ہیں جبکہ ان میں سے بہت جام شہادت نوش کرچکے ہیں۔

جناب شہبازشریف نے مسجد اقصی میں صیہونی ریاست کی دہشت گردی اور تشدد کی کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ یہ ظلم وجبر کی پالیسی کا مظہر ہے جو پچاس سال سے زائد عرصے سے غیرقانونی طورپر اسرائیل کے زیرقبضہ علاقوں میں جاری ہے۔ انہوں نے یاد دہانی کرائی کہ اقوام متحدہ، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں اسرائیل کی مذمت کرچکے ہیں۔ انہوں نے سلامتی کونسل کے پانچ مستقل رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ اسرائیل سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرائیں۔ ایسا کرنے میں ناکامی سے اقوام متحدہ کے منشور سے وابستگی اور احترام کا سوال پیدا ہوگا۔ انہوں نے فلسطینی عوام کی جرات وبہادری کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے اسرائیلی ریاستی بربریت اور نسل کشی کی پالیسیوں کے باوجود اپنے عزم سے پیچھے ہٹنے سے انکار کردیا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اس تنازعے کا آزادانہ، منصفانہ اور فوری حل سلامتی کونسل کی قراردادوں 242 اور 336 پر فوری اور مکمل عمل درآمد سے ہی ممکن ہے۔

اس تناظر میں جناب شہبازشریف نے غیرقانونی طور پر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر کے عوام کو درپیش تکالیف اور مصائب کی مذمت کرتے ہوئے کشمیری عوام سے یک جہتی کا اظہار کیا جہاں قابض بھارتی فوج کے ظلم وجبر نے مقبوضہ خطے کو ایک وسیع جیل میں بدل دیا ہے جہاں عمر، جنس، یا کسی اور انسانی رویے کا کوئی پاس یا لحاظ نہیں اور دہائیوں سے یہ ظلم وسفاکی جاری ہے ۔ بھارت کی اپنی انسانی حقوق کی تنظیموں نے بھارتی ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی کی کارروائیوں کو دستاویزی شکل دی ہے جس کے نتیجے میں ہزاروں کشمیری شہید ہوئے اور ان کے گھروں کو مسمار کیا گیا۔

انہوں نے اقوام متحدہ، اوآئی سی، عرب لیگ اور اسلامی ممالک پر زور دیا کہ انفرادی اور اجتماعی طورپر اپنا اثرورسوخ استعمال کریں اور فلسطین اور کشمیر دونوں کے عوام کی جائز اور منصفانہ جدوجہد کی مکمل حمایت کریں۔

جناب شہبازشریف نے حکومت پاکستان پر بھی زور دیا کہ فلسطین اور مقبوضہ جموں وکشمیر کے معاملے کو پوری قوت، وابستگی، عزم اورمہارت سے تمام علاقائی اور عالمی فورمز پر اٹھائے۔ انہوں نے زور دیا کہ مقبوضہ خطوں کے حقیقی عوامی نمائندوں کی منظوری اور شرکت کے بغیر یہ مسائل حل نہیں ہوسکتے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر کے ہمراہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، طارق فاطمی اور مریم اورنگزیب بھی تھیں۔