پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف سے پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچئین ٹرنر کی ملاقات

اسلام آباد: مورخہ6 مئی 2021

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف سے پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچئین ٹرنر نے جمعرات کو ملاقات کی۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم شاہد خان خاقان عباسی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب بھی موجود تھیں۔ شہبازشریف نے کورونا وبا کے دوران برطانیہ کی جانب سے پاکستان کی امداد کو سراہا۔ انہوں نے کورونا وبا کی وجہ سے برطانیہ میں ہونے والی اموات پر برطانوی ہائی کمشنر سے افسوس کا اظہار کیا۔ شہبازشریف نے کہاکہ کورونا عالمی وبا نے پوری دنیا کواپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، بنی نوع انسان کو اس مصیبت سے نجات کے لئے مشترکہ تعاون اور کوششیں کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ انسانیت کی بقا کا سوال ہے۔ انہوں نے کہاکہ برطانیہ اور پاکستان کے دوطرفہ روابط کی ایک طویل تاریخ ہے۔ پاکستانیوں کے لئے برطانیہ دوسرے گھر کی مانند ہے جو دونوں ممالک کے تعلقات کی نہایت منفرد جہت ہے۔ برطانیہ میں مقیم پاکستانی برادری دونوں ممالک کے درمیان روابط کی مضبوطی اور فروغ میں نہایت شاندار کردار ادا کررہی ہے۔ دونوں ممالک کا باہمی تعاون باہمی مفاد میں ہے۔ شہبازشریف نے ڈیوک آف ایڈنبرگ شہزادہ فلپ کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا اور شاہی خاندان کے لئے تعزیت کا پیغام دیا۔آنجہانی شہزادہ فلپ کے لئے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔ اس موقع پر علاقائی اہمیت کے امور خاص طورپر افغانستان سے غیرملکی افواج کے انخلاءاور قیام کے لئے کوششوں کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہوا۔ برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچئین ٹرنر نے شہبازشریف کے لئے نیک تمناوں کا اظہار کرتے ہوئے رمضان کی مبارک دی۔