ڈسکہ میں ووٹ کے ساتھ گڑ بڑکی، یا ڈبے کو ہاتھ لگانے کی کوشش کی تو عوام کا ہاتھ اور افسران کا گریبان ہوگا:مریم اورنگزیب

ڈسکہ میں ووٹ کے ساتھ گڑ بڑکی، یا ڈبے کو ہاتھ لگانے کی کوشش کی تو عوام کا ہاتھ اور افسران کا گریبان ہوگا:مریم اورنگزیب
الیکشن کرانے والے افسران اور پولیس ڈسکہ کے عوام کی جان اور ووٹ کی حفاظت کو یقینی بنائیں
عمران صاحب، وزیراعلی پنجاب کو پیغام ہے، 10 اپریل کو ڈسکہ میں ایک بھی جعلی ووٹ ڈالنے کی کوشش کی یا ڈبے کو ہاتھ لگایا تو ڈسکہ میں آپ کی جگہ نہیں ہوگی
ڈسکہ کے عوام ایک بار پھر اپنے ووٹ کا پہرہ دیں گے، ووٹ چور، مہنگائی کرنے والے ظالم آٹا چینی بجلی گیس دوائی چور ٹولے سے بدلہ بھی لیں گے
عمران صاحب بزدار صاحب سے زیادہ نالائق ہیں، جن سے وفاق کی حکومت نہیں چلتی
رمضان المبارک کے موقع پر عوام کو آٹا، چینی، بجلی، گیس سمیت اشیایہ ضروریہ میں ریلیف دیاجائے
جتنی تیزی سے قیمتیں بڑھائی گئی ہیں، اتنی ہی تیزی سے کم کی جائیں
نوازشریف اور شہبازشریف کے خلاف شہزاد اکبر صاحب جو کاغذات لہراتے تھے وہ کوڑے کے ڈبے کی زینت ہوچکے ہیں
اب الزام لگانے اور لہرانے کے لئے کوئی اور کاغذ نہیں بچا، اس لئے عوام کو چکمہ دینے کے لئے روز پریس کانفرنس کرتے ہیں
پولیس نے آج مجھے عدالت میں داخل ہونے سے روکا، میڈیا کے آنے پر عدالت کے اندر جانے دیا
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کی شہبازشریف کی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو

لاہور ( ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ڈسکہ میں الیکشن کمشن ڈیوٹی انجام دینے والے افسران اور پولیس سے کہا ہے کہ وہ آئین اور قانون کے مطابق عوام کے مینڈیٹ کا پہرہ دیں، اگر نوکر شاہی اور پولنگ پر مامور ذمہ دار عملے نے ووٹ کے ساتھ گڑ بڑ اور ڈبے کو ہاتھ لگانے کی کوشش کی تو عوام کا ہاتھ اور افسران کا گریبان ہوگا۔ ڈسکہ کے عوام کی جان اور ووٹ کی حفاظت کو یہ افسران یقینی بنائیں۔ عمران صاحب اور وزیراعلی پنجاب کو بھی پیغام ہے کہ پی ٹی آئی نے 10 اپریل کو ڈسکہ میں ایک بھی جعلی ووٹ ڈالنے کی کوشش کی یا ڈبے کو ہاتھ لگایا تو آپ کی ڈسکہ میں جگہ نہیں ہوگی۔ ڈسکہ کے عوام اپنے ووٹ کا پہرہ بھی دیں گے اور ووٹ چور، مہنگائی کرنے والے ظالم آٹا چینی بجلی گیس دوائی چور ٹولے سے بدلہ بھی لیں گے۔ عمران صاحب بزدار صاحب سے زیادہ نالائق ہیں، جن سے وفاق کی حکومت نہیں چلتی۔ رمضان المبارک کے موقع پر عوام کو آٹا، چینی، بجلی، گیس سمیت اشیایہ ضروریہ میں ریلیف دیاجائے، جتنی تیزی سے قیمتیں بڑھائی گئی ہیں، اتنی ہی تیزی سے کم کی جائیں۔ نوازشریف اور شہبازشریف کے خلاف شہزاد اکبر صاحب جو کاغذات لہراتے تھے وہ کوڑے کے ڈبے کی زینت ہوچکے ہیں، اب الزام لگانے اور لہرانے کے لئے کوئی اور کاغذ نہیں بچا، اس لئے عوام کو چکمہ دینے کے لئے روز پریس کانفرنس کرتے ہیں۔ جمعرات کو لاہور میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف کی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آج پنجاب پولیس نے عدالت میں داخل ہونے سے مجھے روکا۔ جب میں نے پوچھا تو پولیس کے پاس میرے داخلے پر پابندی کا کوئی حکم نامہ موجود نہیں تھا۔ اسی دوران میڈیا وہاں پہنچ گیا جس پر مجھے عدالت میں آنے دیا گیا۔ انہوں نے میڈیا کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ ترجمان مسلم لیگ (ن) نے کہاکہ پولیس کے ذریعے مجھے عدالت میں داخل ہونے سے اس لئے روکا گیا کیونکہ نااہل نالائق اور کرپٹ ٹولے سے حکومت نہیں چل رہی، معیشت ٹھیک نہیں ہوتی، عوام کو آٹا، چینی، بجلی، گیس، انڈے، خوردنی تیل، گھی، دوائی فراہم نہیں ہوتی۔ ہر محاذ پر ناکام عمران صاحب اور ان کے جھوٹے کرائے کے ترجمان اس قسم کی حرکتیں کرتے ہیں لیکن یہ حرکتیں الٹی پڑ جاتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اے ٹی ایمز اور مافیاز کی سرپرستی عمران صاحب کررہے ہیں، اس لئے ملک کا آج یہ حال ہے۔ ترجمان مسلم لیگ (ن) نے ڈسکہ کے عوام کو اپیل کی کہ 10 اپریل کو ضمنی انتخاب میں گھروں سے نکلیں اور ووٹ چور، عوام دشمن، مہنگائی کرنے والی ظالم حکومت کے خلاف ووٹ ڈال کر بدلہ لیں۔ انہوں نے کہاکہ ڈسکہ میں الیکشن کمشن کے عملے کو اغوا کیا گیا، اس کی رپورٹ ابھی آنا باقی ہے۔ جیو فنسنگ کی رپورٹ عوام کے سامنے لائی جائے، ان 20 پریذائڈنگ افسران کو کس نے اغوا کیا؟ انہیں کہاں رکھا گیا؟ فارم 45 میں ردوبدل کیوں کیاگیا؟ یہ آئین شکنی اور قانون کی خلاف ورزی ہے۔ اس واقعہ میں ملوث لوگوں کے خلاف کارروائی اس لئے ضروری ہے تاکہ آئندہ کسی کو یہ حرکت دوبارہ کرنے کی جرات نہ ہو۔ انہوں نے کہاکہ میں ڈسکہ کے عوام سے اپیل کرتی ہوں کہ جس طرح انہوں نے پہلے الیکشن اور اپنے ووٹ کا پہرہ دیا۔ 10 اپریل کو ڈسکہ کے عوام ایک بار پھر اپنے ووٹ کا پہرہ دیں اور پاکستان کے لوگوں کے آٹا، چینی، بجلی، گیس، دوائی چوری کا بدلہ لیں۔ آپ نے مہنگائی کا بدلہ لینا ہے جو 3 سے 15 فیصد ہوگئی ہے۔ آپ نے آٹے کا بدلہ لینا ہے جو 35 سے 80 روپے اور چینی 52 سے 120 روپے کلو گئی۔ انہوں نے کہاکہ چینی انکوائری کمیٹی کی رپورٹ آنے کے بعد عمران صاحب کا فرنٹ مین، براڈشیٹ کمشن خور، کمشن چور ڈگڈگی بجارہا ہے، اس نے براڈ شیٹ میں اپنا جواب اور حساب ابھی دینا ہے۔ نوازشریف اور شہبازشریف کے خلاف شہزاد اکبر صاحب جو کاغذات لہراتے تھے وہ کوڑے کے ڈبے کی زینت ہوچکے ہیں، اب الزام لگانے اور لہرانے کے لئے کوئی اور کاغذ نہیں بچا، اس لئے عوام کو چکمہ دینے کے لئے روز پریس کانفرنس کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عدالت کے حکم کے مطابق 80 روپے کلو چینی عوام کو فراہم کرنے میں نالائق کرپٹ ٹولہ ناکام ہے کیونکہ ان کے دائیں بائیں چینی مافیا بیٹھا ہے۔ انہوں نے کہاکہ صرف چینی نہیں بلکہ آٹا تیل گھی انڈے سب کچھ مہنگا ہوگا کیونکہ حکومتی پریس کانفرنس کا مطلب عوام کی جیب پر مزید ڈاکہ ہوتا ہے۔ یہ جب پریس کانفرنس کرتے ہیں، کاغذ لہراتے ہیں، آٹا چینی بجلی گیس دوائی مہنگی ہوجاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) مطالبہ کرتی ہے کہ جس تیزی سے مہنگائی کی شرح میں تیزی سے اضافہ کیا گیا ہے، اسی تیزی سے آٹا، چینی، بجلی، گیس، انڈوں، گھی،خوردنی تیل، سبزیوں، دوائی اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ ڈسکہ کے عوام 10 اپریل کو آٹا چینی بجلی گیس دوائی چوروں سے بدلہ لینے نکلیں گے۔ مریم اورنگزیب نے کہاکہ میرا پیغام ہے ان تمام سرکاری افسران، پولیس اور بیوروکریسی کو جن کی ڈسکہ انتخاب کے لئے ڈیوٹی لگائی گئی ہے، اگر آپ نے پاکستان کے عوام اور مینڈیٹ کا پہرہ نہ دیا، اگر آپ نے وہی کیا جو پہلے افسروں نے کیا تھا، دوبارہ ایسی حرکت ہوئی تو عوام کا ہاتھ ہوگا اور ان افسران کا گریبان ہوگا۔ ڈسکہ کے عوام کی جان اور ووٹ کی حفاظت کو یہ افسران یقینی بنائیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان نے خبردار کیاکہ پی ٹی آئی نے ایک بھی جعلی ووٹ ڈالنے کی کوشش کی یا ڈبے کو ہاتھ لگایا تو آپ کی ڈسکہ میں جگہ نہیں ہوگی۔ عمران صاحب اور وزیراعلی پنجاب کو پیغام دینا چاہتی ہوں کہ ووٹ چوری کرنے کی کوشش نہ کرنا۔ عمران صاحب بزدار صاحب سے زیادہ نالائق ہیں، وہ ہر ہفتے دو دن کے لئے لاہور آجاتے ہیں لیکن خود ان سے وفاق کی حکومت نہیں چلتی، جو جب منہ کھولتے ہیں جھوٹ بولتے ہیں، تضحیک کرتے ہیں۔ ریپ وکٹمز کے بارے میں منہ کھولا تو لوگوں کی دل آزاری کی کیونکہ عمران صاحب کا ”اوپر کا چیمبر“ خالی ہے، عمران صاحب تین سال، چار سال کی معصوم بچیوں کا کیا قصور ہے؟ ان کا یہ قصور ہے جو آپ نے بیان کیا، آپ کو شرم آنی چاہئے۔ مریم اورنگزیب نے کہاکہ لاہور آج کوڑے کا ڈھیر بن چکا ہے، لوگوں کے گھر میں چولہا بجھ گیا ہے، گھر میں آٹا چینی نہیں، بجلی کا بل، گھر کا کرایہ اور بچوں کی تعلیمی فیس دینے کے پیسے نہیں۔ عمران صاحب نے ایک کروڑ نوکری، پچاس لاکھ گھر کا وعدہ کیاتھا۔ انہوں نے پنجاب کی سڑکیں توڑ پھوڑ کر رکھ دی ہیں جو شہبازشریف نے دن رات کی محنت سے بنائی تھیں۔ اورنج ٹرین چل رہی ہے جس پر نالائقوں نے اپنے نام کی تختی لگادی۔ موٹرویز، سڑکیں، پبلک ٹرانسپورٹ نوازشریف اور شہبازشریف نے قوم کو دیں۔ نوازشریف کی قیادت میں شہبازشریف نے پنجاب کو ترقی دی۔ شہبازشریف نے عوام کو مفت دوائی، علاج کی سہولت دی۔ نوازشریف کے دور میں آٹا 35 روپے کلو تھا، آج عمران صاحب کے دور میں 100 روپے میں ملتا ہے۔ چینی 52 روپے تھی، عمران صاحب کے دور میں 120 روپے ملتی ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہاکہ شہزاد اکبر کی نیب میں طلبی ہونی چاہئے۔ ایف آئی اے میں روز رپورٹ آجاتی ہے۔ پانچ سال مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں ایک دفعہ امپورٹ کی اور تین بار ایکسپورٹ کی اور ایک روپے چینی کی قیمت میں فرق نہیں آیا۔ انہوں نے کہاکہ آٹے میں 225 ارب، چینی میں 400 ارب، ایل این جی میں 122 ارب کا ڈاکہ مار کر انکوائری کمشن بناتے ہیں، پھر عوام کو دھوکہ دینے کے لئے بہانے تراشے جاتے ہیں، جھوٹی پریس کانفرنسیں کی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عمران صاحب سے جھوٹے کرائے کے ترجمان پوچھتے ہیں کہ ہم عوام کو کیا بتائیں؟ یہ بتائیں کہ آٹے کی قیمت 35 روپے سے 100 روپے ہوگئی ہے۔ مہنگائی 3 فیصد سے 16 فیصد پر پہنچ گئی ہے۔ چینی 52 روپے سے 120 روپے ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جھوٹی کرپٹ حکومت کے پاس عوام کو لوٹنے اور بدذبانی کرنے کے سوا اور کوئی ایجنڈا نہیں۔