ڈسکہ الیکشن سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد عمران صاحب اوروزیراعلی پنجاب کا استعفی آنا چاہئے:مریم اورنگزیب

ڈسکہ الیکشن سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد عمران صاحب اوروزیراعلی پنجاب کا استعفی آنا چاہئے:مریم اورنگزیب
ووٹ چوری، لیکشن کمشن کا عملہ اغوا کرانے والے چہرے بے نقاب کئے جائیں، آئی جی پنجاب ، سی سی پی او اور آرپی او سیالکوٹ کو کٹہرے میں کھڑا کرنا چاہئے
سپریم کورٹ کا فیصلہ صرف ڈسکہ کے ضمنی الیکشن کا فیصلہ نہیں، یہ پاکستان میں آنے والے ہر الیکشن کے لئے فیصلہ ہے
جو بھی ووٹ کے ڈبے کو ہاتھ لگائے گا، الیکشن کمشن کے عملے کو ہاتھ لگائے گا، پاکستان کے عوام ان کا وہ حال کریں گے جو آنے والا وقت یاد رکھے گا
یہ فیصلہ پاکستان میں آنے والے ہر انتخاب کی شفافیت کو یقینی بناتا ہے۔ یہ فیصلہ آنے والے ہر پاکستان کے عوام کے مینڈیٹ کی حفاظت کرتا ہے
عوام اب نوازشریف کے نظریے، ووٹ کی عزت اور حفاظت کرنا جان چکی ہے
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کی ڈسکہ میں ضمنی الیکشن دوبارہ کرانے کے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد ( ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہاکہ سپریم کورٹ کا فیصلہ صرف ڈسکہ کے ضمنی الیکشن کا فیصلہ نہیں، یہ پاکستان میں آنے والے ہر الیکشن کے لئے فیصلہ ہے۔ یہ ڈیٹرنس ہے کہ جو بھی ووٹ کے ڈبے کو ہاتھ لگائے گا، الیکشن کمشن کے عملے کو ہاتھ لگائے گا، پاکستان کے عوام ان کا وہ حال کریں گے جو آنے والا وقت یاد رکھے گا۔ آئندہ آپ نے ایسی جرات کی تو جس طرح ڈسکہ کے عوام کا ہاتھ تھا اور آپ کا گریبان تھا، اسی طرح پاکستان کے عوام کے ہاتھ ہوں گے اور آپ کے گریبان ہوں گے۔ یہ فیصلہ پاکستان میں آنے والے ہر انتخاب کی شفافیت کو یقینی بناتا ہے۔ یہ فیصلہ آنے والے ہر پاکستان کے عوام کے مینڈیٹ کی حفاظت کرتا ہے۔اس فیصلے کے بعد عمران صاحب اوروزیراعلی پنجاب کا استعفی آنا چاہئے جن کے حکومت پر الیکشن چوری کرنے کی کوشش کی گئی اور الیکشن کمشن کا عملہ اغوا کرایا گیا، آئی جی پنجاب ، سی سی پی او اور آرپی او سیالکوٹ کو الیکشن چوری کرنے پر کٹہرے میں کھڑا کرنا چاہئے۔اس گھناونے عمل میں ملوث تمام کرداروں کے چہرے عوام کے سامنے لائے جائیں۔ مسلم لیگ (ن) آپ سے وعدہ کرتی ہے کہ انشاءاللہ جلد ہی ان ووٹ چوروں کے ساتھ پاکستان کے عوام وہی سلوک کریں گے جو ڈسکہ کے عوام نے ووٹ چوروں کے ساتھ کیا ہے۔ عوام کے ووٹ کی عزت کا ادراک ہونے پر کوئی ووٹ کے ڈبے کو ہاتھ لگانے کی جرات نہیں کرے گا۔ڈسکہ میں ضمنی الیکشن دوبارہ کرانے کے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان کے عوام اپنا جمہوری حق جانتی ہے۔ عوام اب نوازشریف کے نظریے، ووٹ کی عزت اور حفاظت کرنا جان چکی ہے۔ ہر وہ عنصر جس نے ووٹ کو پامال کرنے کی کوشش کی ، ووٹ چوری کرنے کی جرات کی، الیکشن کمشن کے عملے کو اغوا کیا، ان کی تمام سازش ناکام ہوگئی۔ انہوں نے کہاکہ ڈسکہ کے عوام کے سامنے ووٹ چوروں کے تمام حربے ناکام ہوگئے۔ یہ ہی وہ نظریہ ہے جس کی بات نوازشریف ، مسلم لیگ (ن) کرتی ہے۔ جس دن عوام نے اپنے ووٹ کی عزت جان لی اور پہنچان لی اور عوام نے اپنے ووٹ کی حفاظت کرنا شروع کردی تو آر ٹی ایس نہیں بیٹھے گا، ووٹ کے ڈبے چوری نہیں ہوں گے، کسی میں اتنی جرات نہیں ہوگی کہ پاکستان کے عوام کے ووٹ کو ہاتھ لگا کر دکھائے۔ انہوں نے کہاکہ آج وہ لوگ جو عوامی میدان سے بھگوڑے ہیں، جو عوام کا آٹا، چینی، بجلی، گیس، دوائی، ووٹ چور ہیں، جن کی سربراہی اور سہولت کاری عمران صاحب کرتے ہیں، ان کی پاکستان میں کوئی گنجائش نہیں۔ ترجمان مسلم لیگ (ن) نے کہاکہ سپریم کورٹ کا آج کا فیصلہ الیکشن کمشن کے تاریخی فیصلے پر مہر ہے۔ این اے 75 میں حکومت نے غنڈہ گردی کرائی، الیکشن کمشن کے عملے کو اغوا کیاگیا، عوام کے ووٹ کو چوری کرنے کی کوشش کی گئی، الیکشن کمشن نے ان تمام حقائق کو مدنظر رکھ کر فیصلہ دیاتھا کہ ڈسکہ میں دوبارہ انتخاب ہونا چاہئے۔ سپریم کورٹ کا فیصلہ ان لوگوں کے لئے پیغام ہے جو عوام کے مینڈیٹ اور ووٹ کو چوری کرتے ہیں۔ جب جب پاکستان کے ووٹ پر ڈاکہ ڈالا جائے گا، عوام کا آٹا، چینی، بجلی، گیس چوری ہوگی، کشمیر کا سودا ہوگا، سٹیٹ بینک اور قوم کی معیشت کو آئی ایم ایف میں گروی رکھا جائے گا، عوام کی معیشت تباہ ہوگی، بے روزگاری اور مہنگائی ہوگی اور ملک کو آئی ایم ایف میں گروی رکھ دیاجائے گا۔ یہ عوام جان چکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ووٹ چور گزشتہ روز کہہ رہے تھے کہ مسلم لیگ (ن) پر جمعہ بھاری ہوتا ہے، میں ان ووٹ چوروں کو بتادینا چاہتی ہوں کہ مسلم لیگ (ن) کی فکر چھوڑیں، مسلم لیگ (ن) اللہ تعالی کے فضل وکرم سے اپنے ووٹ کی حفاظت کرنا جانتی ہے۔ یہ 2018 نہیں ہے۔ یہ 2021ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہاکہ میں ان لوگوں کو بھی پیغام دینا چاہتی ہوں جو کل یہاں بول رہے تھے کہ جمعہ بھاری ہوتا ہے۔ سپریم کورٹ کا آج کا فیصلہ ان ووٹ چوروں کے لئے پیغام ہے کہ آنے والا ہر دن جمعہ ہو، سوموار، بدھ، منگل ہو یا اتوار ہو، ان آئین، ووٹ،آٹا، چینی، بجلی، گیس، دوائی چوروں اور کشمیر کے سوداگروں کے لئے بھاری ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ بات اب الیکشن کمشن کے تاریخی فیصلے تک نہیں رکے گی۔ الیکشن کمشن کے 20پریذائیڈنگ افسروں کو اغوا کیاگیا، جیسے کہ ہم نے گزشتہ روز کہا تھا کہ یہ بات اب 20، 50، 90، 140 یا 360 پولنگ سٹیشنزکی نہیں ہے، اب یہ بات ہے کہ حکومتی طاقت استعمال کرکے بالخصوص پنجاب حکومت نے الیکشن کمشن کے عملے کو اغوا کیا، رات کے اندھیرے میں ووٹ کے ڈبوں سمیت حلقے سے باہر لے کر گئے، ان کو رکھ کر عوام کے ووٹوں میں گڑ بڑ کی گئی اور جھوٹے اور جعلی فارمز جمع کرائے گئے، اس میں ملوث تمام کرداروں کو منظر عام پر لایاجائے۔ عمران صاحب کے حکم پر وزیراعلی پنجاب نے جن افراد کو اس حلقے میں الیکشن چوری کرنے کے لئے تعینات کیاگیا تھا، وہ سب اپنا بوریا بستر باندھیں۔ جس طرح یہ ووٹ چور روز اپنا بوریا بستر باندھتے ہیں، اسی طرح یہ تمام عناصر این اے 75 سے اپنا بوریا بستر باندھیں۔ انہوں نے کہاکہ آج عمران صاحب کا استعفی آنا چاہئے، وزیراعلی پنجاب، آئی جی پنجاب ، سی سی پی او اور آرپی او سیالکوٹ کو الیکشن چوری کرنے پر کٹہرے میں کھڑا کرنا چاہئے۔ عوام یہ جواب جاننا چاہتی ہے کہ جن چہروں نے الیکشن کمشن کا عملہ اغوا کیا، عوام کے ووٹ چوری کرنے کی کوشش کی، ان میں جعل سازی اور گڑ بڑ کی، ان سب چہروں اور کرداروں کو قوم کے سامنے لایاجائے۔ انہوں نے کہاکہ یہ صرف ڈسکہ کے ضمنی الیکشن کا فیصلہ نہیں، یہ پاکستان میں آنے والے ہر الیکشن کے لئے فیصلہ ہے۔ یہ وہ ڈیٹرنس ہے کہ جو بھی ووٹ کے ڈبے کو ہاتھ لگائے گا، الیکشن کمشن کے عملے کا ہاتھ لگائے گا، ان کا حال پاکستان کے عوام وہ کرے گی جو آئندہ آنے والا وقت یاد رکھے گا۔ آئندہ آپ نے ایسی جرات کی تو جس طرح ڈسکہ کے عوام کا ہاتھ تھا اور آپ کا گریبان تھا، اسی طرح پاکستان کے عوام کے ہاتھ ہوں گے اور آپ کا گریبان ہوگا۔ یہ فیصلہ پاکستان میں آنے والے ہر انتخاب کی شفافیت کو یقینی بناتا ہے۔ یہ فیصلہ آنے والے ہر پاکستان کے عوام کے مینڈیٹ کی حفاظت کرتا ہے۔ یہ فیصلہ ہر اس ہاتھ اور نظر کو خبردار کرنے کے لئے ہے جو پاکستان کے عوام کے ووٹ کے ڈبے کی طرف بڑھے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے عوام اپنا حق جان چکے ہیں۔ پاکستان اور اس کے عوام جو سزا بھگت رہے ہیں، وہ ووٹ چوری کی وجہ سے ہے۔ 2018 میں آرٹی ایس نہ بیٹھتا، ایک منتخب وزیراعظم کے ساتھ وہ کھیل نہ کھیلا جاتا جو2014 میں دھرنے کی صورت میں کھیلا گیا تو آج عوام کا آٹا، چینی، بجلی، گیس، دوائی چوری نہ ہوتی، کشمیر کا سودا نہ ہوتا، سٹیٹ بینک اور ملک کی معاشی سلامتی کو آئی ایم ایف کے حوالے نہ کیاجاتا۔ یہ ہے وہ اصل وجہ جس کی وجہ سے پاکستان کے عوام کی جیب پر ڈاکہ ڈالا جاتا ہے اور عمران صاحب مافیاز کی سہولت کاری کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ووٹ کو یوں ہی عزت ملتی رہی تو مسلم لیگ (ن) ملک کی معاشی ترقی کی شرح دوبارہ 6 فیصد پر لے کر جائے گی۔ ووٹ کی عزت آٹا چینی بجلی گیس پٹرول، دوئی چوری کا بدلہ لے گی۔ نوازشریف، شہبازشریف اور مسلم لیگ (ن) دوبارہ عوام کو ان کی خوشیاں لوٹائے گی، عوام کو روزگار، آٹا چینی بجلی گیس دوائی واپس دلائے گی اور مودی کے شکنجے سے کشمیر کو آزاد کرائے گی۔ مسلم لیگ (ن) آپ سے وعدہ کرتی ہے کہ انشاءاللہ جلد ہی ان ووٹ چوروں کے ساتھ پاکستان کے عوام وہی سلوک کریں گے جو ڈسکہ کے عوام نے ووٹ چوروں کے ساتھ کیا ہے۔ کشمیر کا سودا کرنے والوں کو واپس گھر بھجوائے گی۔