پاکستان کی ترقی کو جس طرح تباہ کیاگیا، قوم کبھی معاف نہیں کرے گی:شہبازشریف

پاکستان کی ترقی کو جس طرح تباہ کیاگیا، قوم کبھی معاف نہیں کرے گی:شہبازشریف
نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں پاکستان معاشی لحاظ سے ٹیک آف کرگیا تھا
آج معیشت صفر ہوچکی ہے اور مستقبل میں بھی بہتری کی کوئی امید دکھائی نہیں دے رہی
حکومت کی بدترین کارکردگی سب کے سامنے ہے، آج غریب ایک وقت کی روٹی کو ترس گیا ہے
تاریخ اور حقائق گواہ ہیں ، پی ٹی آئی نے سابقہ دونوں حکومتوں کے مجموعی قرضوں سے بھی زیادہ قرض لیا
سیاست میں شائستگی کاچلن پی ٹی آئی نے ختم کردیا، اس طرح کی بازاری گفتگو کسی حکومت کے سربراہ نے نہیں کی تھی جو آج ہورہی ہے
اجتماعی دانش کوبھی بروئے کار لائیں تو ملک کی معاشی ترقی کو واپس لانا آسان نہیں
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف کا پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب

اسلام آباد ( ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کو جس طرح تباہ کیاگیا، قوم کبھی معاف نہیں کرے گی ، نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں پاکستان معاشی لحاظ سے ٹیک آف کرگیا تھا ، آج معیشت صفر ہوچکی ہے اور مستقبل میں بھی بہتری کی کوئی امید دکھائی نہیں دے رہی ۔حکومت کی بدترین کارکردگی سب کے سامنے ہے۔ بدھ کو پارلیمنٹ ہاوس میں مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آج غریب ایک وقت کی روٹی کو ترس گیا ہے۔ تاریخ اور حقائق گواہ ہیں ، پی ٹی آئی نے سابقہ دونوں حکومتوں کے مجموعی قرضوں سے بھی زیادہ قرض لیا۔ قائد حزب اختلاف نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ سیاست میں شائستگی کاچلن پی ٹی آئی نے ختم کردیا۔ اس طرح کی بازاری گفتگو کسی حکومت کے سربراہ نے نہیں کی تھی جو آج ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اجتماعی دانش کوبھی بروئے کار لائیں تو ملک کی معاشی ترقی کو واپس لانا آسان نہیں۔ ایک پاکستانی کے طورپر سوچتا ہوں تو موجودہ حالات کو دیکھ کر رونگٹے کھڑے ہوجاتے ہیں ۔ سوچتا ہوں کہ ملک کو مسائل کی اس دلدل سے کیسے نکالنا ممکن ہوگا ۔ موجودہ کرپٹ، نالائق اور نااہل حکومت نے ملک کو تباہی کے دھانے پر پہنچادیا ہے۔ موازنہ کریں تو آج افغانستان بھی پاکستان سے آگے ہے، پاکستان کے حالات دیکھ کر ہر پاکستانی رنجیدہ ہے ۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے کہاکہ حکومت اور اپوزیشن دونوں میں رہے لیکن موجودہ حکومت سے بری اور بدترین حکومت نہیں دیکھی ۔ سیاست، وژن، خلوص، کارکردگی، کمٹمنٹ کے لحاظ سے موجودہ حکومت تاریخ کی بدترین حکومت ہے ۔ بخدا، موجودہ وزیراعظم سے ناکام وزیراعظم اورسوچ کا اتنا کھوکھلا پن اور فقدان آج تک نہیں دیکھا ۔ تدبیر، حکمت عملی، محنت اورکمٹمنٹ کا فقدان جتنا موجودہ حکومت میںہے، پہلے کبھی نہیں دیکھا ۔ 72 سال کی ناکام ترین حکومت ہے، اڑھائی سال میں قوم نے تباہی کے سوا کچھ نہیں دیکھا ۔ انہوں نے کہاکہ قوم ووٹ کے ذریعے اس کا حساب لے گی۔ موجودہ حکومت کے اقدامات کا زہریلا پھل آج قوم کھانے پر مجبور ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم کی کاوشوں کی بھرپور ستائش کرتا ہوں ۔ پاکستان ہے تو ہم ہیں، پاکستان کی فکر کرنا ہوگی۔ شہبازشریف نے کہاکہ نوازشریف کی قیادت میں 5000 میگاواٹ بجلی کے چار پلانٹس لگائے۔ آٹھ سال پہلے جو منصوبہ لگا ، اس سے بھی سستے منصوبے لگائے لیکن استعداد کار جدید ترین تھی ۔ پاکستان کی 72 سال کی تاریخ میں سستے ترین بجلی کے منصوبے لگائے، الحمداللہ ۔ پی ٹی آئی نے قطر کے ساتھ تعلقات کو خراب کرنے کی کوشش کی، ملکی مفاد کا بھی نہیں سوچا ۔ طویل المدتی معاہدے آنے والے ہر طرح کے حالات کو مدنظر رکھ کر کئے جاتے ہیں ۔ امیر قطر سے میں نے درخواست کی تھی کہ پاکستان بجلی کے اندھیروں کا شکار ہے، مدد کریں ۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی نے جھوٹ بول کر قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ۔ موجودہ حکومت کا کام ہی یہ ہے کہ جھوٹ بولو، تاکہ ان کی اپنی غلطیوں پر پردہ پڑا رہے ۔ شہبازشریف نے کہاکہ محنت، امانت اور دیانت ہی ہمارا شعار ہے اور انشاءاللہ رہے گا۔