شہبازشریف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کے دوران لاہور میں کچرے سے متعلق بول پڑے
ہم نے ترک کمپنی سے 107 ملین ڈالر کم کرائے اور لاہور میں صفائی کا بہترین نظام لے کر آئے:شہبازشریف
ترکی کمپنی کو بتایا کہ ہم بھائی چارے کی بنیاد پر آپ سے بات کررہے ہیں
میں نے تین گھنٹے تک انکے ساتھ بات کرتا رہا۔رات کے بارہ بجے ہم نے ترکی کمپنی کے ساتھ معاہدہ کیا
وہ کمپنی پہلے 420 ملین ڈالرمانگ رہی تھی، میں نے خصوصی ڈسکاونٹ لیا، مجھے اسپیشل 107 ملین ڈالر کی رعایت دی
میں نے 420 ملین ڈالر کے منظور شدہ ٹھیکے کو مزید کم کروایا، میں نے ترکی کمپنی کو انتہائی کم ریٹس پر ٹھیکہ دیا
میرے دل میں ترکی کے لیے بڑی عزت ہے، ترکی اور چین سے دوستی کا بہترین سفیر ہوں
لاہور ( ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کے دوران لاہور میں کچرے سے متعلق بول پڑے اور انکشاف کیا کہ ہم نے ترک کمپنی سے 107 ملین ڈالر کم کرائے اور لاہور میں صفائی کا بہترین نظام لے کر آئے۔منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت کے موقع پر ہفتے کو احتساب عدالت میں شہباز شریف سمیت دیگر کے خلاف کیس پر سماعت ہوئی۔ شہباز شریف نے روسٹرم پر آکر حاضری مکمل کروائی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز کہاں ہیں؟ شہبازشریف نے جواب دیا کہ میرے وکیل نیب کی دوسری عدالت میں ہیں۔ جج نے استفسار کیا کہ آپ کچھ کہنا چاہتے ہیں؟ شہباز شریف نے کہاکہ میرے میڈیکل بورڈ نے میڈیکل رپورٹس تاحال نہیں دی۔ آج کل مجھے جیل میں اخبارات ملتے ہیں۔ ان سے ’ویسٹ منیجمنٹ کمپنی‘ کا پتہ چلا ہے جو لاہور کو صاف کرتی ہے۔ ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کا ٹھیکا 320 ملین ڈالر میں ہوا۔ میں نے فوری ترکی انتظامیہ کو کہا کہ پاک ترکی دوستی کی ہم مثالیں دیتے ہیں۔ میں نے ترکی کی کمپنی کو بتایا کہ ترکی کے لیے کیا کیا قربانی دی۔ ان کو بتایا کہ ترکی کے ساتھ ہمارے تعلقات گہرے ہیں۔ شہباز شریف نے کہاکہ ترکی کمپنی کو بتایا کہ ہم بھائی چارے کی بنیاد پر آپ سے بات کررہے ہیں۔ میں نے تین گھنٹے تک انکے ساتھ بات کرتا رہا۔رات کے بارہ بجے ہم نے ترکی کمپنی کے ساتھ معاہدہ کیا۔وہ کمپنی پہلے 420 ملین ڈالرمانگ رہی تھی، میں نے خصوصی ڈسکاو¿نٹ لیا۔ انہوں نے مجھے اسپیشل 107 ملین ڈالر کی رعایت دی۔ میں نے 420 ملین ڈالر کا منظور شدہ ٹھیکے کو مزید کم کروایا۔ شہباز شریف نے کہا کہ میں نے ترکی کمپنی کو انتہائی کم ریٹس پر ٹھیکہ دیا۔ میرے دل میں ترکی کے لیے بڑی عزت ہے۔ انہوں نے کہاکہ ترکی اور چین سے دوستی کا بہترین سفیر ہوں۔ انہوں نے کہاکہ میں نے تو قوم کے اربوں روپے بچائے۔ میں نے لاہور کو صاف کرنے کا بہترین ٹھیکہ دیا۔ جج نے کہاکہ شہباز شریف صاحب ترکی کے میوزیم میں آپ کا ایک تحفہ رکھا ہوا ہے۔ وہ تحفہ کیوں دیا تھا، بتائیں؟ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہاکہ اگر میں نے گفٹ دے کر ترکی سے 107 ملین ڈالر کی ٹھیکے کی لاگت میں کمی کرالی تو یہ کوئی برا سودا نہیں ہے۔ شہباز شریف کے جواب پر عدالت میں قہقہہ پڑا۔