عمران خان سے کہنا چاہتی ہوں، مظلوم اپنے شہدا کی لاشیں رکھ کر آپ کے منتظر ہیں، آپ چل کر آئیں: مریم نواز شریف
عمران خان صاحب ان کی لاشیں اور تکالیف سے کیا آپ کی انا بڑی ہے؟
ریاست کی ذمہ داری ہے اپنا حق ادا کرے
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف کا کو ئٹہ میں ہزارہ برادری کے دھرنے کے شرکاء سے خطاب
کوئٹہ ( ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے ہزارہ برادری سے یک جہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان سے کہنا چاہتی ہوں یہ مظلوم اپنے شہدا کی لاشیں رکھ کر آپ کے منتظر ہیں، آپ چل کر آئیں، ان کی داد رسی کریں، عمران خان صاحب ان کی لاشیں اور تکالیف سے کیا آپ کی انا بڑی ہے؟، ریاست کی ذمہ داری ہے اپنا حق ادا کرے۔ جمعرات کو مریم نواز شریف نے کو ئٹہ میں دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک بچےکی لاش ہے، جو فیس جمع کرنے کان میں کام کرنے گیا تھا، انہیں روزگار کمانے کی آزادی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم جتنا کوشش کریں لیکن حقیقت یہ ہے کہ آپ کی اس تکلیف کا احساس کوئی دوسرا نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ ظلم کا نشانہ بننے والوں میں سے ایک وہ شہید بھی ہے جس کے خاندان میں اب کوئی اور مرد نہیں رہا۔ ایک بچی کسی بےحس کو پکار رہی تھی کہ آپ نہیں آئے تو والد کو نہیں دفناؤں گی۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ آپ کے پیارے آپ سے چھینے گئے، آپ پر جو قیامت ٹوٹی اس پر دلی تعزیت کرتی ہوں، پانچ دن سےدیکھ رہے ہیں، آپ کی تکلیف کا احساس ہے، جس پر گزرتی ہے وہی جانتا ہے، پوری قوم آپ کے غم میں شریک ہے۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ بےحسی، ناکامی کو آپ سیاست کہہ کر ٹال دیں، یہ ہونے نہیں دیں گے، آپ کو یہاں آنا پڑے گا، یہ آپ سے کوئی بڑی چیز نہیں مانگ رہے، آپ تنقیدکے ڈر سے نہیں آرہے، کوئی بات نہیں تھوڑی تنقید سن لیں۔انہوں نے کہا کہ آپ کا فرض ہے ان کے غم میں شریک ہوں، ان کا دکھ بانٹیں، اقتدار کی کرسی پر بیٹھے شخص کی بےحسی پر بےحد افسوس ہے۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ میں حکومت میں نہیں، آپ کیلئے سوائے آواز اٹھانے کے کچھ نہیں کرسکتی۔ میں ایک ماں ہوں، بیٹی ہوں مجھے آپ کی تکلیف کا احساس ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکمراں نہیں آتا تو سن لے قوم اسے کرسی پر بیٹھنے کی اجازت نہیں دے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان سے کہتی ہوں کہ آپ باپ ہیں، بہنوں کے بھائی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریاست ماں کی طرح ہوتی ہے، اس ماں نے حق ادا نہیں کیا، آپ ذمہ داری میں ناکام ہیں، یہ حادثہ پھر سے پیش آگیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ’ان میتوں میں ایک ایسے بچے کی لاش بھی ہے، جو اپنی فیس جمع کرنے کان میں کام کرنے گیا تھا۔‘ انہوں نے کہا کہ ’آپ ایک بے حس شخص کو پکار رہے ہیں لیکن اس کے پاس آنے کا وقت نہیں ہے۔‘قبل ازیں مریم نواز نے بدھ کو کوئٹہ میں دھرنے کے شرکا سے ملاقات کے لیے جانے کا اعلان کرتے ہوئے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں لکھا تھا کہ ’چار دنوں اور راتوں سے اس شدید سردی میں میں ہزارہ برادری اپنے پیاروں کی میتوں کے ساتھ اسلام آباد کی بے حسی کو آواز دے رہی ہے۔ یہ اسلامی اخوت اور انسانی ہمدردی کے حوالے سے ہم سب کے لیے شرمندگی کا باعث ہے۔‘انھوں نے مزید لکھا: ’میں اپنے والد محمد نواز شریف کی ہدایت پر انشاء اللہ کل یہ التجا لے کر اپنی بہنوں اور بھائیوں کے پاس جا رہی ہوں کہ وہ اپنے پیاروں کی میتیں اللہ کے حوالے کردیں۔ مجھے یقین ہے وہ اپنی بیٹی کی درخواست رد نہیں کریں گے۔