Mushahidullah Khan urges on national level consensus and unity

عمران خان بھی طاہرالقادری کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے دھرنا ختم کردیں ۔سینیٹر مشاہداللہ خان
عمران خان جو پیسہ دھرنوں اور جلسوں پر خرچ کر رہے ہیں وہی پیسہ خیبر پختونخواہ میں صحت اور تعلیم کے شعبوں میں لگائیں۔ سینیٹر مشاہداللہ خان
پاکستان کو آگے لے جانے کے لئے تمام سیاسی قوتوں کو متحد ہو کر کام کرنا ہوگا۔ مشاہداللہ خان
دشمن ہماری صفوں میں انتشار پھیلا کر ہمیں آپس میں لڑانا چاہتا ہے ۔ سینیٹر مشاہداللہ خان

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مشاہداللہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان بھی طاہرالقادری کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے دھرنا ختم کردیں ۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے اُن کا مقابلہ قومی اتحاد اور یگانگت پیدا کر کے ہی کیا جا سکتا ہے ۔ مشاہداللہ خان نے کہا کہ ملک مزید محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہوسکتا ۔ انھوں نے کہا کہ عمران خان جو پیسہ دھرنوں اور جلسوں پر خرچ کر رہے ہیں وہی پیسہ خیبر پختونخواہ میں صحت اور تعلیم کے شعبوں میں لگائیں، پھر دیکھیں تبدیلی کتنی تیزی سے آتی ہے اور یہ تبدیلی دیر پا اور پائیدار ہوگی ۔ مشاہداللہ خان نے کہا کہ عمران خان کو اللہ نے موقع دیا ہے کہ وہ خیبر پختونخوا ہ کے عوام کی خدمت کر کے عوام کے دل جیتیں اور اللہ کو بھی راضی کریں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کو آگے لے جانے کے لئے تمام سیاسی قوتوں کو متحد ہو کر کام کرنا ہوگا۔ مشاہداللہ خان نے کہا کہ پاکستان کی افواج ایک طرف اندرونی محاذ پر دہشت گردی کے خلاف نبرد آزما ہیں تو دوسری طرف لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کے خلاف سینہ سپر ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ایسے میں ہمیں اپنے سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر قومی اتحاد کا جذبہ پیدا کرنا ہوگا۔ مشاہداللہ خا ن نے کہا کہ دشمن ہماری صفوں میں انتشار پھیلا کر ہمیں آپس میں لڑانا چاہتا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں ان چالوں کو ناکام بنانا ہوگا۔ مشاہداللہ خان نے کہا کہ محرم الحرام سے پہلے قتل و غارت گری کرنے والے پاکستان کے حقیقی دشمن ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ محرم میں امن و امان برقرار رکھنا محض حکومت کی ذمہ داری نہیں بلکہ تمام سیاسی اور مذہبی قوتوں کو متحد ہو کر فسادات برپا کرنے کے خواہش مند پاکستان دشمن قوتوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانا ہوگا۔