Mushahidullah Khan on PMLN Govt and politics of confrontation

وزیر اعظم نواز شریف نے قوم کے ساتھ کیا گیا ہر عہد ِوفا اور ہر وعدہ پورا کرنے کا عزم کر رکھا ہے ۔
کوئی دن ایسا نہیں گزرا جس دن عوام کی بہتری کے لئے کسی نئے منصوبے یا پاکستان کی ترقی کے لئے کوئی اقدام نہ کیا گیا ہو۔
بات بات پر دھرنے دینے والے قوم کا وقت ضائع کر رہے ہیں۔ انہیں ملک کی ترقی سے کوئی دلچسپی نہیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف نے قوم کے ساتھ کیا گیا ہر عہد ِوفا اور ہر وعدہ پورا کرنے کا عزم کر رکھا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے قوم کے ساتھ اپنے پہلے خطاب میں کہا تھا کہ ایک ایک لمحے کو قوم کی امانت سمجھ کر گزاریں گے اور عوام کو ہر لمحہ اور ہر دن ترقی کی جانب کوئی نہ کوئی بڑھتا ہوا قدم دکھائی دے گا۔ مشاہد اللہ خان نے ان خیالات کا اظہار پارٹی کے میڈیا سیل سے جاری ہونے والی پریس ریلیز میں کیا ۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے اپنے دور ِ حکومت کے پہلے ایک سال کے دوران اس وعدے کو پورا کیا ہے اور کوئی دن ایسا نہیں گزرا جس دن عوام کی بہتری کے لئے کسی نئے منصوبے یا پاکستان کی ترقی کے لئے کوئی اقدام نہ کیا گیا ہو۔ مشاہد اللہ خان نے کہا کہ ہماری ساری توجہ قوم کے سالوں سال ضائع کرنے کی تلافی کرنے پر مرکوز ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ ملک اور عوام کے ساتھ 65سال کے دوران کی جانے والی زیادتیوں کا ازالہ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ بات بات پر دھرنے دینے والے قوم کا وقت ضائع کر رہے ہیں۔ انہیں ملک کی ترقی سے کوئی دلچسپی نہیں۔ مشاہداللہ خان نے کہا کہ عمران خان نے اپنے جلسوں کی ناکامی دیکھ کر پنجاب کے خلاف زہر افشانی پر اتر آئے ہیں ۔ بہترہوگا کہ عمران خان بوکھلاہٹ میں غلط باتیں کرنے کی بجائے 4سال خیبر پختونخوا کے عوام کی خدمت کریںاور دیگر صوبوں کے لئے اپنے صوبے کو رول ماڈل بنا کر پیش کریں ۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھنا ہے اور ملک کو بحرانوں میں دھکیلنے کی بجائے بہتر مستقبل کی جانب ہر لمحہ پیش رفت کو یقینی بنانا ہے۔