خواتین کی بہادری کی نئی تاریخ رقم

پاک فوج کی چوبیس خواتین افسروں نے ہیلی کاپٹر سے پیرا شوٹ کے ذریعے زمین پر بحفاظت اتر کر ملک میں عسکری تربیت کی نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔ خواتین زندگی کے ہر شعبے میں قابل قدر خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔ کچھ عرصہ قبل ایک پائلٹ خاتون نے جنگی جہاز چلا کر تاریخ رقم کی اب 24 خواتین نے پیراشوٹ کے ذریعے چھلانگ لگا کر تاریخی کارنامہ سرانجام دیاہے۔ فوج میں ملازمت کرنے والی خواتین کیلئے جسمانی تربیت، پیراشوٹ کے ذریعے بلندی سے چھلانگ لگانے، پیرا شوٹ کو کنٹرول کرنے، فضا میں باہم ٹکرانے کی صورت میں کئے جانے والے ہنگامی اقدامات اور زمین پر اترنے سمیت مختلف طریقوں کی تربیت فراہم کی جاتی ہے۔ 24 خواتین نے جس محنت سے تربیت مکمل کی وہ مبارکباد کی مستحق ہیں۔ پاکستان کی 51 فیصد آبادی خواتین پر مشتمل ہے وہ محدود وسائل کے باوجود مردوں کے شانہ بشانہ ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں، اب انہوں نے آسمان پر قوس قزاح بکھیر کر اپنی صلاحیتوں کو چار چاند لگا دئیے ہیں۔ امید ہے کہ دیگر خواتین بھی ان کی پیروی کرتے ہوئے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں گی۔ ان جری اور بہادر خواتین کو قوم سلام پیش کرتی ہے۔
(بشکریہ ۔نوائے وقت)