نثار نے سرکاری ٹیم کیساتھ مذاکرات سے انکار کردیا

اسلام آباد(طاہرخلیل) وعدہ خلافیوں اور ”کہہ مکرنیوں“ کے حکومتی طرز عمل پر اپوزیشن لیڈر چوہدری نثار علی خان نے سرکاری ٹیم سے مذاکرات سے انکار کردیا۔ ذرائع نے بتایا کہ وفاقی وزیر سید خورشید شاہ کی سربراہی میں حکومتی ٹیم‘ اپوزیشن لیڈر سے صدر زرداری کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب پر مذاکرات کرنا چاہتی تھی مگر چوہدری نثار علی خان نے یہ کہہ کر حکومتی ٹیم سے مذاکرات سے انکار کردیا کہ حکومتی وعدہ خلافیوں اور کہہ مکرنیوں کی داستان بہت طویل ہے۔ حکومت نے اپوزیشن سے مشاورت کے بغیر صدارتی خطاب کا وقت تبدیل کیا اور دیگر پارلیمانی بزنس پر بھی ہمیں اعتماد میں نہیں لیاجاتا۔ اسلئے حکومت سے کوئی مذاکرات نہیں ہونگے۔ علاوہ ازیں صورتحال پر غور کیلئے اپوزیشن مشترکہ پارلیمانی پارٹی کااجلاس آج ہفتے کو دوپہر بارہ بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں طلب کیاگیا ہے۔